اسلام آباد (ویب ڈیسک ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں حکومت کی جانب سے ابھی تک ایک بھی دستاویز عدالت میں پیش نہیں کی گئی جن میں رقم کی منتقلی کے حوالے سے ٹھوس شواہد دیئے گئے ہوں ۔سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ پاناما کے بعد ایک اور کمپنی سامنے آنے والی ہے ، شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کیس کو بلاوجہ طول دے کر عوام میں اپنی مقبولیت کم کر رہی ہے ، عدالت میں کیس کو جتنا زیادہ طول دیا جائے گا۔ عوام میں حکومت کی مقبولیت اتنی ہی زیادہ کم ہوگی ، انہوں نے کہا کہ ہمیں معزز عدالت پر مکمل اعتماد ہے ، عدالت شواہد کی روشنی میں جو بھی فیصلہ دے گی وہ انصاف پر مبنی ہوگا اور ہمیں پورا یقین ہے کہ یہ فیصلہ انصاف پر مبنی ہوگا اور انصاف کا علم بلند ہوگا۔