دبئی (ویب ڈیسک)لاہور میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد پاکستان سپر لیگکے طے شدہ فائنل کو لا ہو ر میں کرا نے کے لیئے چیئرمین نجم سیٹھی نے عوام سے رائے مانگ لی ہے کہ اگر غیر ملکی کھلاڑی فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آنے سے منع کرتے ہیں تو ایسی صورت حال میں کیا ان کے بغیر اپنے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ فائنل کھیلا جائے یا پھر دبئی میں ہی اس کا انعقاد کیا جائے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ پاکستان کا اثاثہ ہے اور پاکستان کو پہلے رکھیں اگر سیاست دانوں اور کرکٹرزکی مجھ سے دشمنی اور سیاسی اختلافات ہیں تو اس کے لیگ کو بدنام نہ کریں۔انھوں نے کہا کہ یہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی کھڑکی تھی جس کے بعد غیرملکیوں نے آنا تھا، ہم نے کئی لوگوں کو منایا تھا لیکن لاہور بم دھماکوں کے بعد اب صورت حال یہ ہے کہ لوگوں کے ذہنوں میں ایک شک کی لہر ہوگی۔نجم سیٹھی نے کہا کہ میری رائے ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرکے دکھانا ہے اور دہشت گردوں کو ہرانا ہے،، میرا بھی عزم ہے اور مجھے نظر آرہا ہے کہ ہر پاکستانی کا یہی عزم ہے اور امید ہے کہ پنجاب حکومت کا بھی یہی موقف ہوگا ،ان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر پر بھی لوگ یہی کہہ رہے ہیں کہ کسی طرح لاہور میں فائنل کریں گے، جس کے لیے اب دوبارہ سے بات کرنا پڑے گی لیکن میں نہیں کہہ سکتا کہ غیر ملکی کھلاڑی آمادہ ہوں گے کہ نہیں اور ہم اس میں کامیاب ہوں گے یا نہیں۔پی ایس ایل کے چیئرمین نے عوام سے رائے طلب کرتے ہوئے کہا کہ گر غیر ملکی کھلاڑی نہیں مانتے یا بیشتر نہیں مانتے تو کیا پھر پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ فائنل لاہور میں کریں یا پھر غیرملکیوں کے ساتھ دبئی میں فائنل کرنا ہے؟ اس سوال کا جواب پاکستانی عوام مجھے دے دیں تو جیسے ان کا حکم ہوگا اس کی تعمیل ہوگی۔