راولپنڈی (ویب ڈیسک )افواج پاکستان کے ترجمان ادارے انٹر سروسز پبلک ریلشنز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ میں پاکستان کےسابق سفیر حسین حقانی کے امریکی اہلکاروں کو ویزے جاری کرنے کے حوالے سے امریکی اخبار میں مضمون نے ریاستی اداروں کے موقف کی تصدیق کر دی ہے۔آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ سابق سفیر حسین حقانی کا ویزوں کے حوالے سے امریکی اخبار میں چھپنے والے بیان سے ریاستی ادروں کے موقف کی تصدیق ہو گئی ہے۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ سابق سفیر حسین حقانی کا ان ویزوں کے اجرا کے حوالے سے کردار کی بھی تصدیق ہو گئی ہے۔سابق سفیرحسین حقانی نے ایک امریکی اخبار میں چھپنے والے ایک مضمون میں کہا تھا کہ انھوں نے بطور سفیر حکومت کی اجازت سے امریکیوں کو ویزے جاری کیے تھے جو بالآخر اسامہ بن لادن کو ڈھونڈنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔حسین حقانی نے آئی ایس پی آر کے بیان کے بعد ایک ٹوئٹر پیغام میں آئی ایس پی آر کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے ایبٹ آباد میں موجود ہونے کی وجوہات کے بارے میں خدشات کی صداقت کیوں نہیں جانچی جا رہی۔