اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے مضبوط سٹریٹجک شراکت دار ہیں،سی پیک منصوبے علاقائی روابط کے فروغ کی علامت ہے،سی پیک سے علاقائی تجارت میں اضافہ ہوگا اور خطے کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں چین کا سفارتی اور دیگر تعاون قابل تعریف ہے،سی پیک منصوبے سے خطے کے لاکھوں افراد مستفید ہوں گے،آئندہ ماہ ایک سڑک ایک خطے کے فورم میںشرکت کیلئے چین کا دورہ کروں گا۔جمعرات کو چین کی سی پی پی سی سی کے چیئرمین یوژینگ شنگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ چینی وفد کے دورے سے دونوں ملکوں کی پارلیمان میں ادارہ جاتی تعلقات قائم ہوں گے،دونوں پارلیمان کے درمیان قریبی تعاون سے دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے،پاکستان اور چین ایک دوسرے کے مضبوط سٹریٹجک شراکت دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2015میں چینی صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے،دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں چین کا سفارتی اور دیگر تعاون قابل تعریف ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ ماہ ایک سڑک ایک خطے کے فورم میںشرکت کیلئے چین کا دورہ کروں گا،فورم میں شرکت سے روابط،بنیادی ڈھانچے،تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا موقع ملے گا،فورم میں شرکت سے عوامی سطح کے تبادلوں،تھنک ٹینکس سے تعاون کو بھی موقع ملے گا۔انہوں نے ہکا کہ فورم چین سے تعاون بڑھانے کے ساتھ دنیا سے روابط بڑھانے کا بھی موقع فراہم کرے گا،سی پیک منصوبے علاقائی روابط کے فروغ کی علامت ہے،سی پیک سے علاقائی تجارت میں اضافہ ہوگا اور خطے کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے،سی پیک منصوبے سے خطے کے لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔اس موقع پر یوژینگ شنگ نے کہا کہ پارلیمانی تبادلوں سے دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔.