پاک سرزمین پارٹی نے کراچی شہر کے مسائل کے حل کیلئے آج سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک سر زمین پارٹی آج ایک احتجاجی تحریک شروع کرنے جا رہی ہے،تحریک کا خاتمہ یا تو ہماری زندگی پر ہوگا یا مسائل کے حل پر۔مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ احتجاجی تحریک کا کوئی وقت نہیں، یہ اب ہماری سانسوں سے وابستہ ہے،تحریک کی شکل تبدیل ہوسکتی ہے مگر تحریک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ اور پاکستان کے لوگوں کی خاطر واپس آئے ہیں، 2013 میں کسی کے کہنے پر دیار غیر نہیں گئے تھے۔سربراہ پاک سرزمین پارٹی کا کہنا تھا کہ لوگ الیکشن لڑتے ہیں اور پیپلزپارٹی کی حکومت کا حصہ بن جاتے ہیں۔ ہمارے آنے کے بعد بہت سے لوگ کراچی کی بدحالی کا رونا رو رہے ہیں۔