رسالپور (ویب خبریں )وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے کے تمام ممالک سمیت دنیا سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے بالخصوص ہمسایوں سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہیں تاہم ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔پاکستان ائیرفورس اکیڈمی رسالپورمیں کیڈٹس کی پاسنگ آو¿ٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ رسالپور اکیڈمی کیڈٹس کو اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کررہی ہے جب کہ کامیابی کے لیے کوئی مختصر راستہ نہیں اور آپ پر ملک کے دفاع کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر امن اور ذمہ دار ملک ہونے کے ساتھ ساتھ امن پالیسی پر عمل پیرا ہے، پاکستان خطے کے تمام ممالک سمیت دنیا سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے بالخصوص ہمسایوں سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہیں تاہم ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور مسلح افواج بھی ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں جب کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کا کلیدی کردار ہے۔