اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)ڈان لیکس کے معاملے پر پرویز رشید کے بعد اب وزیر اعظم کے مشیر طارق فاطمی کو بھی ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ طویل عرصے سے ڈان لیکس کی تحقیقات کا معاملہ التواءکا شکار تھا۔ چند روز قبل وزیر داخلہ نے بتایا تھا کہ رپورٹ پر کمیٹی کے اراکین کا اتفاق ہو گیا ہے اور تین چار روز میں وہ وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کر دیں گے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ واقعہ میں وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ طارق فاطمی ملوث ہیں ۔ ذرائع کے مطابق طارفاطمی کو دفتر خارجہ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ طارق فاطمی کو ایک ہفتے میں دفتر خارجہ سے ہٹایا جا سکتا ہے ۔ طارق فاطمی پر متنازع خبر لکھوانے کا قوی شبہ ہے ۔ انہوں نے بلا اجازت خبر کے مندرجات اپنے طور پر لکھوائے ۔ حکومت نے ڈان لیکس کے معاملے کی تحقیقات کیلئے گزشتہ برس نومبر میں 7 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی میں انٹیلی جنس بیورو، ملٹری انٹیلی جنس اور انٹر سروسز انویسٹی گیشن سے ایک ایک رکن شامل کیا گیا تھا ۔ کمیٹی کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان کے علاوہ پنجاب کے محتسب اعلیٰ نجم سعید، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ طاہر شہباز، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عثمان انور شامل ہیں۔