لاہور (شوبز ڈیسک) اداکارہ نیلم منیر نے کہا ہے کہ سینئر اداکارہ نائلہ جعفری کو کینسر کے موذی مرض سے بچانے کے لئے ہمیں حکومت کی بجائے خود اقدامات کرنے ہوں گے ، آج فنکاروں کی منفی خبروں کو شہ سرخی کے طور پر پیش کیا جاتا ہے جبکہ نائلہ جعفری جیسی سینئر اداکارہ کو ہم اکیلے مرنے کے لئے چھوڑ دیتے ہیں ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ معاشرے کی بے حسی کی وجہ سے کئی فنکار پہلے ہی دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں اور اب نائلہ جعفری کینسر کے موذی مرض کا دلیرانہ مقابلہ کر رہی ہیں ، ان حالات میں حکومت کو خود آگے بڑھ کر ان کے علاج کے لئے تمام وسائل مہیا کرنے چاہیے تھے مگر افسوس کہ کسی نے بھی اس طرف توجہ نہیں دی ۔ نیلم منیر نے کہا کہ میں اپنے تمام ساتھی فنکاروں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ نائلہ جعفری کی زندگی بچانے کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کریں تاکہ بعد میں ہمیں پچھتاوے کا احساس نہ ہو ۔