تازہ تر ین

چیمپئنز ٹرافی ، سکواڈ میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں

لاہور(اے این این) مشن چیمپئنز ٹرافی میں حریفوں کو قابو کرنے کیلئے منصوبے بننے لگے تاہم 15رکنی اسکواڈ میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں جبکہ ٹکڑوں میں بٹے کھلاڑیوں کو قبل از وقت انگلینڈ میں یکجاکرنے کی تیاری کرلی گئی ہے۔ پاکستان کیلئے یہ ایونٹ خاص اہمیت کا حامل ہے، بہتر کارکردگی گرین شرٹس کی ورلڈ کپ2019 میں براہ راست شرکت کا راستہ بنا دے گی، مقصد حاصل کرنے کیلئے رواں سال ستمبر تک عالمی ون ڈے رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن برقرار رکھنا ضروری ہے،آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا یکم جون سے انگلینڈ میں آغاز ہوگا۔ دوسری جانب چیف سلیکٹر انضمام الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میگا ایونٹ کی تیاری کیلئے 10روزہ تربیتی کیمپ برمنگھم میں لگایا جائے گا، اس وقت ون ڈے ٹیم کے کھلاڑی ٹکڑوں میں بٹے ہوئے ہیں،ان میں سے چند ویسٹ انڈیز کی قطعی مختلف کنڈیشنز میں ٹیسٹ سیریز کھیل رہے ہیں، دیگر پاکستان سے جائیں گے، برمنگھم میں تربیتی کیمپ کے دوران ان کو ایک ساتھ ٹریننگ اور ہم آہنگی کا موقع ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز پاکستان ٹیم کیلیے ہمیشہ مشکل ہوتی ہیں، وہاں ٹریننگ کیلئے وقت ملنے پر کھلاڑیوں کو ماحول سے مطابقت میں مدد ملے گی، چیف سلیکٹر نے امید ظاہر کی کہ سینئرز اور نوجوان کھلاڑیوں کے امتزاج سے تشکیل پانے والا قومی اسکواڈ میگا ایونٹ میں اچھی کارکردگی پیش کرے گا۔انضمام الحق نے تصدیق کی کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے قبل ازیں اعلان کردہ 15رکنی اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائےگی،ایسا کرنےکی ضرورت انجری یا کسی ناگزیر صورتحال میں ہی پیش آسکتی ہے، فی الحال تمام کھلاڑی فٹ اور میگاایونٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کیلئے تیار ہیں۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کا ویسٹ انڈیز کیخلاف ڈومینیکا ٹیسٹ14 مئی کو ختم ہونےکے بعد 8کرکٹرز کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، احمد شہزاد، بابر اعظم، حسن علی، محمد عامر، وہاب ریاض اور شاداب خان انگلینڈ کیلئے رخت سفر باندھ لیں گے۔

دوسری جانب 7 کرکٹرز محمد حفیظ، شعیب ملک، عمر اکمل،عماد وسیم،فخر زمان، فہیم اشرف اور جنید خان 15مئی کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں رپورٹ کرنے کے بعد برمنگھم کیلیے اڑان بھریں گے۔یاد رہے کہ تربیتی کیمپ18مئی سے شروع ہوگا، اس دوران کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار خاص طور پر جانچا جائے گا، تربیتی کیمپ کے دوران ٹارگٹ میچ بھی شیڈول کیے جائیں گے، کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر اس دوران بیٹنگ آرڈر ترتیب دینے کی کوشش کرینگے،کامران اکمل کی ناکامی پر ون ڈے اسکواڈ میں اظہر علی کی واپسی پر محمد حفیظ کی پوزیشن کا فیصلہ اہم ہوگا۔واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کو اپنا پہلا میچ 4 جون کو روایتی حریف بھارت کے ساتھ کھیلنا ہے،اس سے قبل 2وارم اپ مقابلے بھی شیڈول ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain