اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے مسلم لیگ نواز کی وکٹیں اڑانے کی ٹھان لی ہے، ناراض رہنماو¿ں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔سابق صدر آصف زرداری نے ریاض پیرزادہ کو پی پی میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آپ ملنگ آدمی ہیں اور آپ کی جگہ صرف پیپلز پارٹی میں ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ن لیگ کے مستعفی ہونے والے وفاقی وزیرریاض پیرزادہ سے رابطہ کیا ہے اور ان کے گھر آنے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر ریاض پیر زادہ نے کہا کہ بینظیر بھٹو سے پرانی وابستگی تھی ،اس لئے آپ جب چاہیں تشریف لائیں۔زرداری نے ن لیگی ناراض رہنما کو پی پی میں شمولیت کی دعوت دی تو ریاض پیرزادہ نے کہا کہ وزیر نہیں رہا لیکن اسمبلی میں ن لیگ کی نشست پر بیٹھوں گا اور میری پارٹی ن لیگ ہے اس لئے چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں۔یاد رہے کہ سید ریاض پیرزادہ نے ڈی جی سپورٹس بورڈ کو عہدے سے ہٹائے جانے کی وجہ سے احتجاجاً وفاقی وزیربرائے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔