لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )بیجنگ میں جاری ون بیلٹ ون روڈ سمٹ2017ءمیں شرکت کے بعد پاکستانی وفد کی وطن واپسی کے ساتھ ہی چین سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کی پہلی کھیپ لاہور پہنچ گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق چین میں تیار ہونے والی اورنج لائن ٹرین کی پہلی کھیپ لاہور پہنچ گئی ہے اور مزید 26یونٹ رواں سال کے اختتام تک پاکستان پہنچیں گے۔اورنج لائن ٹرین کے ڈبوں کی بظاہر شکل و صورت بادشاہی مسجد اور قومی پھول چنبیلی کو سامنے رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے جس کی رفتار تقریبا 80 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی۔چینی کمپنی سی آر آر سی زوزو لوکوموٹیو کارپوریشن اورنج لائن ٹرینیں بنارہی ہے جس کی جانب سے تیار کردہ پہلی ٹرین میں 5 ڈبے اور ایک ایئر کنڈیشنڈ کے نظام سے لیس ڈبہ شامل ہے جو شدید ترین گرم موسم میں بھی ڈبوں کو ٹھنڈا رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ خیال رہے لاہوراورنج لائن میٹرو پروجیکٹ 27.1 کلومیٹر پر مشتمل ہے جس میں سے 25.4 کلو میٹر فلائی اوورز پر جب کہ 1.72 کلومیٹر سفر زیرزمین ہوگا۔ میٹرو ٹرین کے 24 سٹیشن فلائی اوور پر اور 2 سٹیشنز زیرزمین ہوں گے۔





































