لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم میں بہت پوٹینشل موجود ہے اسے صرف قیادت کرتے ہوئے سمت دکھانے کی ضرورت ہے پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے مگر آج تک اقتدار میں آنے والوںنے ان سے استفادہ کرنے کی منصوبہ بندی ہی نہیں کی ۔ ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ دنیا میں جن ممالک نے ترقی کی ہے۔ انہوں نے تعلیم کو اپنی بنیاد بنایا لیکن ہمارے ہاں اس شعبے پر توجہ ہی نہیں دی جارہی ۔ ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اب اپنے سیاسی شعور کو بیدار کرنا ہوگا اور اپنی قیادت کےلئے صاف ستھرے لوگوں کا چناﺅ کرنا ہوگا۔ قوم حکمرانوں سے سوال کرے آج تک کیوں قائد اعظم کے اسلامی فلاحی مملکت کے خواب کو تعبیر نہیں دی جا سکی ۔ انہوں نے کہا کہ ملکوں کی ترقی کے لئے انفراسٹر اکچر بھی ضروری ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ عوام کو تعلیم ، صحت اور پینے کے صاف پانی سمیت زندگی کی بنیادی ضرویات کی فراہمی بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔