کراچی (خصوصی رپورٹ) پیپلزپارٹی نے عوامی نمائندوں اورپارٹی عہدیداروں پر سالانہ فیس عائد کردی، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے سالانہ فیس عائد کرنے کی اجازت دے دی۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے پارٹی کے تمام عہدیداروں کو سالانہ فیس دینے کا پابند کردیا ہے، اس فیصلے پرپیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی رضامندی ظاہر کرتے ہوئے فیس لینے کی اجازت دے دی ہے۔رہنماﺅں سے فیس وصول کرنے کیلئے3رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس میں عاجزدھامرا، اعجازجکھرانی، مکیش چالہ شامل ہیں، یہ افراد سالانہ فیس وصولی کے ذمہ دار ہونگے۔فیصلے کے مطابق وزیراعلی سندھ 25لاکھ،اسپیکر10لاکھ روپے سالانہ پارٹی فیس دینے کے پابند ہوں گے، جبکہ صوبائی وزرا 10لاکھ، ڈپٹی اسپیکر 5لاکھ، صوبائی مشیر5لاکھ روپے پارٹی فنڈ میں جمع کرائیں گے۔اس کے علاوہ اراکین قومی اسمبلی اورسینیٹرز سالانہ 2لاکھ روپے فیس اداکرنے کے پابند ہوں گے۔ ضلعی صدر وجنرل سیکریٹری فیس صوبے میں ادا کرنے کے بجائے اضلاع میں ادا کرینگے جبکہ دیگرتمام سطح پرکلیکشن کی ذمہ داری متعلقہ فنانس سیکرٹری کی ہوگی۔