مردان (مانیٹرنگ ڈیسک ) مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں فرقہ واریت کی بھینٹ چڑھنے والے طالب علم مشال خان کے والد نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ بیٹیوں کو سیکیورٹی اور اسلام آباد میں رہائش دی جائے۔
نجی ٹی وی کے مطابق مشال خان کے والد اقبال خان نے اپنے وکیل کے توسط سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے ،درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے بیٹیوں کو سیکیورٹی اور اسلام آباد میں رہائش فراہم کی جائے کیونکہ خاندان کیلئے کے پی کے میں رہنا سیکیورٹی رسک بن چکا ہے۔ اقبال خان نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کے باعث انکی دونوں بیٹیاں خیبر پختونخوا میں تعلیم مکمل نہیں کر سکتیں لہذٰا انہیں وفاقی دارالحکومت میں رہائش دی جائے اور سیکیورٹی بھی فراہم کی جائے۔ اقبال خان نے دو روز قبل اپنی پریس کانفرنس میں بھی انکشاف کیا تھا کہ انہیں مردان میں سیکیورٹی خدشات ہیں کیونکہ مشال خان کو قتل کرنے والے ملزمان بااثر ہیں اور اسی ڈر خوف سے انکی دونوں بیٹیاں تعلیم جاری رکھنے سے قاصر ہیں۔