ملتان(رپورٹنگ ٹیم)بلاول بھٹو نے دورہ ملتان کے دوران تحریک انصاف کو سیاسی جھٹکا لگا دیا۔ شاہ محمود قریشی کے قریبی ساتھی پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔ پیپلزپارٹی نے تحریک انصاف کی اکٹھی تین وکٹیں اڑا دیں۔ ملک حسن راں، سابق ایم پی اے ملک عباس راں اور ملک ارشد راں پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔ تینوں رہنماو¿ں نے بلاول بھٹو سے ملاقات میں پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پی ٹی آئی ارکان کی پی پی میں شمولیت کے موقع پر سید یوسف رضا گیلانی اور مخدوم احمد محمود بھی موجود تھے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تصادم کی صورت میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف آئینی اداروں کا ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری قیادت کی قربانیوں سے بنے ادارے کسی کو اپنے خاندان کے لئے قربان نہیں کرنے دیں گے، نوازشریف کو ماضی دہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر اداروں کی تضحیک ہوئی تو عوام تخت رائیونڈ کی راہ میں دیوار بن کرکھڑے ہوں گے۔پارٹی قائدین سے مشاورت کے بعد چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے عدلیہ کے فیصلوں پر اپنے پارٹی عہدے تک قربان کئے، ہمارے عدالتی قتل بھی ہوئے اور لاشیں بھی اٹھائیں لیکن اداروں کے ساتھ تصادم نہیں کیا بلکہ وزارت عظمی اور حکومتیں قربان کرنے کے باوجود اداروں کے فیصلوں کے سامنے سرتسلیم خم کیا۔انہوں نے کہا کہ ادارے ہماری قیادت کی قربانیوں سے بنے ہیں انہیں کسی کو اپنے خاندان کے لئے قربان نہیں ہونے دیں گے ۔ پی پی نے طے کر لیا کہ تصادم کی صورت میں اداروں کے حق میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف مزاحمت ہوگی۔انہوں نے کہ کہ ہم ملک کے آئینی اداروں کے ساتھ ہیں ، حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ،کسی کو اداروں کے ساتھ ٹکراﺅ کی اجازت نہیں دیں گے اور نہ ہی نوازشریف کو ماضی دہرانے کی اجازت دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اداروں کے ساتھ تصادم ملک اور جمہوریت کے لئے خطرناک ہے ،تخت رائیونڈ بھول جائے کہ وہ اپنے خاندان کے لئے اداروں کو قربان کریں گے اور ہم خاموش رہیں گے، ہم ملک کے آئینی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، نواز شریف کو ماضی دہرانے نہیں دیں گے، اگر اداروں کی تضحیک ہوئی تو عوام تخت رائیونڈ کی راہ میں دیوار بن کرکھڑے ہوں گے۔