اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق چیئرمین سینٹ وماہر قانون وسیم سجاد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی جے آئی ٹی کے سامنے طلبی پاکستان کی تاریخ کا بڑا واقعہ اس سے ثابت ہو گا قانون سب سے بڑا ہے۔ چینل ۵ کے پروگرام ”نیوز ایٹ 8 “ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان میں یہ پہلی مرتبہ ہو رہا ہے اور قانون کی حکمرانی نظر آ رہی ہے۔ جے آئی ٹی کے پیچھے سپریم کورٹ کی طاقت ہے اور قانونی ذمہ داریاں پوری کی جائیں گی۔ یہ مناسب نہیں ہو گا کہ وزیراعظم وہاں جائیں تو ان کے ساتھ کوئی جلوس وغیرہ جائے میرے خیال میں وزیراعظم کو قانونی مشیر ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نواز شریف جے آئی ٹی کے سامنے ایک ملزم کی حیثیت سے پیش ہونے جا رہے ہیں کوئی کسی کی بارات نہیں جا رہی۔ مسلم لیگ (ن) کے وزراءکو منہ چھپا کر پھرنا چاہیے، بھنگڑے ڈالنے کی ضرورت نہیں ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما جان اچکزئی نے کہا کہ قطر اور سعودی کے ساتھ پاکستان کے اچھے تعلقات ہیں پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان سردمہری کے خاتمے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان ایک اہم اسلامی ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے باعث پاکستان کو موقع ملا ہے کہ ایک معاشی طاقت کے طور پر ابھر کر کے سامنے آئے۔ روس اور چین بھارت پر اثر ڈال سکتے ہیں کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے مسائل حل کرے۔