لاہور (خصوصی رپورٹ) نجی سکولوں میں سمر کیمپ اور امتحانات کا سلسلہ تاحال جاری‘ حکومتی فیصلے کے باوجود بھی چھٹیاں نہ ہوسکیں۔ محکمہ سکولز ایجوکیشن پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو شوکاز نوٹس جاری کرنے اور لسٹیں تیار کرنے کے بعد خاموش تماشائی بن گئی۔ سمر کیمپ‘ امتحانات اور دہرائی کے نام پر ایڈوانس فیس اور چھٹیوں کا ہوم ورک بھی مہنگے داموں فروخت ہوگیا۔ کارروائی نہ ہوسکی۔ موسم گرما کی تعطیلات کو ہوئے 18 روز گزر گئے مگر پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں تاحال پڑھائی کا سلسلہ جاری ہے۔ نجی اداروں نے پیسے بٹورنے کے لئے موسم تعطیلات سے ہی سمر کیمپ کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے ایک طرف امتحانات کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے ایک طرف امتحانات کا سلسلہ اور دوسری طرف نصاب کی دہرائی شروع کردی ہے۔ محکمہ تعیم پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو زبردستی بند کرنے سے جہاں محروم رہا وہاں سمرکیمپ کے نام پر خانہ پری کرنے کے لئے چند نجی سکولوں کو صرف شوکاز نوٹس بھجوا دیا گیا جن کے کھلے رہنے پر بھی دوبارہ کارروائی عمل میں نہ لائی جاسکی۔