کراچی (بی این پی )قومی آل راو¿نڈر شعیب ملک نے ایک مرتبہ پھر ریٹائرمنٹ سے گریز کرتے ہوئے عالمی کپ دو ہزار انیس اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی دو ہزار بیس کو اپنی نگاہوں کا مرکز بنا لیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اگر فارم اور فٹنس نے دھوکا نہ دیا تو دونوں میگا ایونٹس کے بعد ہی وہ کھیل سے علیحدگی اختیار کریں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے آل راو¿نڈر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد ایسا پاکستانی کرکٹر بننا ہے جو تین آئی سی سی ایونٹس جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہ چکا ہو اور وہ اس اعزاز کو حاصل کر سکتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں تمام تر دارومدار کھلاڑی کی فارم اور فٹنس پر ہوتا ہے اور دونوں طرز کے عالمی کپ کھیلنے کا دارومدار بھی اسی بات پر ہو گا کہ وہ قومی کرکٹ ٹیم کیلئے درمیانی عرصے میں کتنے کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ٹیم پر بوجھ نہیں بننا چاہیں گے لیکن آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد پوری امید ہے کہ گرین شرٹس انگلینڈ میں ہونے والے دو ہزار انیس ورلڈ کپ میں بھی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ پینتیس سالہ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ انہیں بخوبی علم ہے کہ کچھ سابق کرکٹرز اور ناقدین کا مسلسل یہ مطالبہ ہے کہ وہ اپنی جگہ کسی نوجوان کھلاڑی کو ٹیم میں آنے دیں لیکن انہوں نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنے کیلئے نومبر دو ہزار پندرہ میں اس وقت ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا تھا جب وہ انگلینڈ کیخلاف ڈبل سنچری اسکور کر چکے تھے۔ شعیب ملک کا کہنا تھا کہ اس کے بعد سے انہوں نے اپنی کارکردگی سے خود کو قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کا اہل ثابت کیا ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ قیادت چھوڑنے کے فیصلے کے بعد سے پاکستانی ٹیم اور مختلف ممالک کی لیگز میں کھیل کر بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں۔