لندن (یو این پی) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم میچ (آج) اتوار کو ڈربی میں کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ سے شکست کے بعد گرین شرٹس کےلئے یہ میچ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ بھارتی ٹیم اپنے پہلے دونوں میچز جیت چکی ہے اس نے میزبان انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کو شکست سے دوچار کیا۔ پاکستانی ٹیم اپنا چوتھا میچ 5 جولائی کو آسٹریلیا، پانچواں 8 جولائی کو نیوزی لینڈ، چھٹا 11 جولائی کو ویسٹ انڈیز جبکہ ساتواں اور آخری میچ 15 جولائی کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل 18 جولائی، دوسرا 20 جولائی جبکہ فائنل 23 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ میں (آج) اتوار کو پہلا میچ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین برسٹول میں کھیلا جائے گا۔
دوسرے میچ میں انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ٹونٹن میں مدمقابل ہوں گی۔ تیسرا میچ پاکستان اور بھارت کے مابین ڈربی میں کھیلا جائے گا جبکہ چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔