نارتھ ساﺅنڈ ( نیو ز ا یجنسیا ں ) ویرات کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں عبرتناک شکست کی وجہ بیٹسمینوں کی غلط شاٹ سلیکشن کو قرار دیدیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے 189 رنز کے جواب میں پوری ٹیم 178 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، کپتان جیسن ہولڈر نے 5 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ ہمارے بولر ز نے اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 189 تک محدود کرنے میں اہم کردار ادا کیا، ہماری شاٹ سلیکشن درست نہیں تھی، اہم مواقع پر بڑی وکٹیں گنوانے سے یقینی فتح سے ہاتھ دھونے پڑے۔کوہلی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈین بولرز کو کریڈٹ دوں گا کہ جنہوں نے ڈاٹ بالز کے ذریعے بیٹسمینوں کو غلطیاں کرنے پر مجبور کیا تاہم کرکٹ میں ایسے ہوتا رہتا ہے، اب ہماری پوری توجہ سیریز کے آخری میچ پر مرکوز ہے جس میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔