لاہور(نیوزایجنسیاں) پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی کوششوں کو دھچکا، سری لنکا نے پاکستان میں محدود اوورز کے میچز کھیلنے سے انکار کر دیا، دونوں ملکوں کے درمیان سیریز یو اے ای میں ہوگی۔پی سی بی نے سری لنکا کو 5 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل اکتوبر میں ہونے والی سریز پاکستان میں کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ پی سی بی کا موقف تھا کہ ٹیم سری لنکا مختصر دورانیے کے میچز پاکستان میں جبکہ بقیہ 2 ٹیسٹ میچز متحدہ عرب امارات میں کھیل لے۔پی سی بی زرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ سری لنکا نے پی سی بی کو پیغام پہنچا دیا ہے کہ کرکٹ سری لنکا مکمل سیریز متحدہ عرب امارات میں ہی کھیلنے کی خواہشمند ہے اور اس سلسلے میں کوئی دوسرا آپشن زیرغور نہیں ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ٹیم کے نہ آنے سے دکھ ہوا کیونکہ خواہش تھی سری لنکا ٹیم پاکستان میں میچز کھیلے تاہم ٹیم کے کرکٹ سری لنکا کے انکار سے ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر اثر نہیں پڑے گا۔ پی سی بی کے مطابق ستمبر میں ورلڈ الیون کے دورے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، جس کے بعد دوسری ٹیموں کو مذاکرات کے ذریعے قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔