اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان کے ساتھ سکواش سیریز کےلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ کل سے شروع ہوگا۔ اسی طرح مصری کھلاڑی بھی سیریز کےلئے مرحلہ وار پاکستان پہنچیں گے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری طاہر سلطان نے بتایا کہ پاکستان اور ورلڈ 5 کھلاڑیوں کے درمیان سیریز 12سے 13جولائی تک مصحف علی سکواش کمپلیکس، اسلام آباد میںشروع ہوگی ۔جس میں ہانگ کانگ، مصر، فرانس، امریکا اور انگلینڈ کے کھلاڑی پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ایکشن میں نظر آئیں گے۔سیریز میں شرکت کے لئے غیر ملکی عالمی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ 11جولائی سے شروع ہوگا۔ اسی طرح پاکستان اور مصری کھلاڑیوں کے درمیان سکواش سیریز15اور 16 جولائی کو اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سکواش کے کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ حاصل کرنے کے لئے پاکستان سکواش فیڈریشن سرینا ہوٹلز کے اشتراک سے2 انٹرنیشنل سیریز مصحف علی سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ان ایونٹس کے کامیاب انعقاد کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا اچھا تاثر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سیکیورٹی نمائندہ بھی اس موقع پر موجود ہوگا وہ یہاں پر سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے اس کے بعد امید ہے کہ پاکستان میں پی ایس اے کے مقابلے بھی جلد بحال ہوں گے۔