راولپنڈی (نیوز رپورٹر) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پپوپانچوں پرچوں میں فیل ہوتا ہوا نظر آرہا ہے‘ چور مچائے شور کی فلم لگی ہوئی ہے‘ جے آئی ٹی کے خلاف بولنے والے سپریم کورٹ کو طعنہ دے رہے ہیں‘ چار چیخوں کی نئی ٹیم آئی ہے‘ پریس کانفرنس کرنے والے چاروں وزراءاور وزیراعظم کے امیدوار ہیں‘ لوگوں کو خریدنے کی نواز شریف کی پرانی عادت ہے‘ جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کے لئے حکومت کوئی نئی اپیل سپریم کورٹ میں دائر کرسکتی ہے۔ اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاسی زندگی کے اہم ترین دور سے گزر رہا ہے۔ بعض لوگ جان بوجھ کر خانہ جنگی کی کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی ہے جے آئی ٹی کے خلاف (ن) لیگ نے کوئی پیٹیشن دائر نہیں کی جے آئی ٹی کے خلاف بولنے والے سپریم کورٹ کو طعنہ دے رہے ہیں۔ قطری شہزادے نے جے آئی ٹی میں پیش ہونے سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیس نواز شریف کے خلاف ہے جو لوگ نواز شریف کا دفاع کررہے ہیں وہ ان کے ذاتی ملازم ہے۔ وزیراعظم جے آئی ٹی میں پیش ہوسکتے ہیں تو قطری شہزادہ کیوں نہیں۔ چیئرممین ایس ای سی پی ٹمپرنگ میں ملوث پائے گئے ہیں جے آئی ٹی رپورٹ میں اہم انکشافات ہوں گے۔ ماہین فاطمہ نے تسلیم کیا کہ ان پر ٹمپرنگ کیلئے دباﺅ ڈالا گیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ یہ لوگ اپنوں کو بانٹ رہے ہیں قابلیت کو ڈانٹ رہے ہیں۔ ایک تصویر لیک ہوئی انہوں نے قیامت کھڑی کردی۔ جعلی کلاشنکوف برآمد کرکے مجھے جیل میں ڈالا گیاتھا۔ فون ٹیپنگ کا ریکارڈ آرام سے نکالا جاسکتا ہے۔ یہ غلط بات ہے کہ شریف خاندان نے زیادہ شواہد جمع کرائے۔ انہوں نے اپنے لوگوں کو اہم اداروں میں تعینات کیا ہے پریس کانفرنس کرنے والے چاروں وزراءوزیراعظم کے امیدوار ہیں۔ پریس کانفرنس میں چوہدری نثار اور اسحاق ڈار شامل نہیں تھے۔ اسحاق ڈار ایک بار سامنے آئے اور نازیبا گفتگو کی مجھے شک ہے حکومت کل سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرے گی۔ جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کے لئے کل اپیل دائر کرسکتے ہیں۔ ہوسکتا ہے حکومت عدالت میں کہے کہ نواز شریف کے خلاف سازش ہورہی ہے۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ قطری شہزادہ تو حسین نواز کی صفائی اور حمایت میں آیا تھا۔ ان کی مقبولیت دیکھیں مریم نواز آئیں تو دو سو لوگ بھی اکٹھے نہیں کرسکے۔ حدیبیہ پیپر ملز میں بھی یہ لوگ پھنس چکے ہیں۔ عدالت پر حملہ کیا گیا تو عمران خان ایسی کال دے گا کہ یاد رکھا جائے گا۔ عمران خان نے کال دی تو شیخ رشید کندھے سے کندھا ملا کر چلے گا۔ عوام قانون کی فتح اور پانامہ لیکس کیس کا نتیجہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ ہوگا قبول کریں گے مجھے تو پانچوں پرچوں یں پپو فیل نظر آرہا ہے۔ چور مچائے شور کی فلم لگی ہوئی ہے۔ کسی آرمی چیف سے نواز شریف کی نہیں بنی ۔ چار چیخوں کی نئی ٹیم آئی ہے قومی اسمبلی توڑی گئی تو صوبائی اسمبلیوں کو بھی توڑنا ہوگا۔
