کولمبو(نیوزایجنسیاں) سری لنکن وزیر کھیل ورلڈ کپ 2011 فائنل میں سری لنکن ٹیم کی شکست پر سابق کپتان ارجنا رانا ٹنگا کی جانب سے تحفظات کے اظہار کے بعد معاملے کی تحقیقات پر آمادہ ہیں، تحریری شکایت آنے کے بعد تحقیقات کی جائیں گی۔سری لنکن وزیر کھیل جیاسیکارا کا بیان ان کے پیشرو مہنداناندا الوتھگاماگے کی مقامی ٹی وی سے گفتگو کے بعد سامنے آیا ہے، مہنداناندا 2011 میں وزیر کھیل اور فائنل دیکھنے کیلیے اسٹیڈیم میں موجود تھے، سابق وزیر کھیل کے مطابق فائنل کے بعد منیجرز رپورٹ میں بتایا گیا کہ سری لنکن ٹیم کے سینئر پلیئرز نے میچ کے دوران ڈریسنگ روم میں 50 سے زیادہ سگریٹ پھونک ڈالے۔ اور میچ کے فورا بعد کپتان سنگا کارا نے بغیر کوئی وجہ بتائے استعفیٰ دینے کی پیش کش کی تھی۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ میچ سے قبل آخری لمحات میں پلیئنگ الیون میں 4 تبدیلیاں کی گئی تھیں جن کیلیے کوئی پیشگی اجازت نہیں لی گئی تھی، میچ کے دوران میدان میں بھیجی گئی ہدایات کو بھی نظر انداز کیا گیا، اس کے علاوہ بھی بہت سے مشکوک معاملات کے بارے میں اس وقت کی کرکٹ منیجمنٹ کمیٹی کو آگاہ کرتے ہوئے جائزہ لینے کا کہا تھا۔ورلڈ کپ 2011 فائنل میں سری لنکا کی شکست کے حوالے سے معاملہ اس وقت گرم ہوا جب حال ہی میں سابق سری لنکن کپتان سنگا کارا نے2009 میں لنکن ٹیم کو سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیے بغیر پاکستان بھیجنے پر اس وقت لوکل کرکٹ کے ہیڈ رانا ٹنگا کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اس حوالے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، جس پر رانا ٹنگا نے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2011 کے فائنل میں لنکن ٹیم کی بھارت کے ہاتھوں غیرمتوقع شکست پر تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، واضح رہے کہ اس وقت سنگا کارا ٹیم کے کپتان تھے اور رانا ٹنگا بھی فائنل میں کمنٹری کیلیے اسٹیڈیم میں موجود تھے۔