لاہور( این این آئی )پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کے وطن واپسی پر ٹرانسپورٹ تنازعہ پر وضاحت جاری کردی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے بعض میڈیا حلقوں کی جانب سے کھلاڑیوں کو ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم نہ کرنے کے حوالے سے خبروں پر جاری بیان میں کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو ایئرپورٹ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لے جانے کے لئے بس موجود تھی تاہم کھلاڑی منیجر سے اجازت لے کر ایئرپورٹ سے گھر روانہ ہوئیں۔ویمن کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ سے وطن واپسی کے بعد سوشل میڈیا پر ایک کرکٹرنشرہ سندھو تصویر وائرل ہوگئی تھی جس میں کرکٹر کو موٹرسائیکل پر گھر جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پی سی بی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ویمن ونگ کے حکام کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کی معاونت کے لئے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود تھے۔قومی ویمن کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ ایونٹ کے ساتوں میچز میں شکست کے بعد 17 جولائی کو لاہور پہنچی تھی۔





































