ٹوکیو(نیوزایجنسیاں)ٹوکیو اولمپکس 2020 کو زلزلے اور سونامی کا خطرہ درپیش ہے جب کہ منتظمین نے انفراسٹرکچر کو زلزلہ پروف قرار دیدیا ہے۔جاپان کا دارالحکومت ٹوکیو اور اس کے گرد و نواح زلزلوں کے خطرناک زون میں واقع ہے اور ماضی میں اس کی وجہ سے ہولناک تباہی ہو چکی ہے۔ 1923 میں گریٹ کانٹو نامی زلزلے میں ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، 2011 میں ہولناک زلزلے اور اس کے بعد سونامی کے باعث ساڑھے 18 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے تھے جب کہ اس وجہ سے ٹوکیو کے لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے اور مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہوا، اس کےساتھ ساتھ ٹوکیو سے 240 کلومیٹر دور فوکوشیما نیوکلیئر پلانٹ میں تابکاری بھی ہوئی تھی۔ٹوکیو یونیورسٹی میں زلزلے کی پیش گوئی کیلیے قائم تحقیقی سینٹر کے سربراہ ناشی ہیراتا کے مطابق 2020 سے قبل ٹوکیو میں ایک اور ہولناک زلزلہ آسکتا ہے جس کی وجہ سے اولمپکس کے انعقاد کے حوالے سے اقدامات متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور اس کے اثرات جاپانی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے، اس لیے اولمپکس کیلیے متبادل میزبان کا آپشن بھی رکھنا ہوگا۔جولائی 2020 میں شیڈول میگا ایونٹ کے آرگنائزر ٹوکیو اولمپکس کے سی ای او توشیرو موتو نے کہا کہ اولمپکس کیلیے انفراسٹرکچر کو زلزلے سے محفوظ بنانے کیلیے قائم قومی معیار کے مطابق تعمیر کیا جا رہا ہے، میں نہیں سمجھتا کہ اس حوالے سے کوئی بھی شہر مکمل طور پر محفوظ ہو تاہم ٹوکیو قدرتی آفات سے بچاو¿ کیلئے پوری طرح تیار ہے۔