لاہور(نیوزایجنسیاں)ورلڈ ہاکی لیگ میں بری کارکردگی پر پی ایچ ایف نے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کے بعد قومی ٹیم میںبھی جھاڑوپھیر نے کی تیاری شروع کردی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ ہاکی لیگ میں بدترین کاکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کو گھر بھیجنے کے بعد اب قومی ٹیم میں بھی تبدیلیا ں کرنے پر غور شروع کردیا ہے ،کپتان عبدالحسیم خان اور سابق منیجرحنیف خان کے بعدان کے بھتیجے حسین کی ٹیم سے چھٹی کا امکان ہے ،نئی مینجمنٹ سینئرکھلاڑی محمدعرفان کوکیمپ میں طلب کرچکی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ہاکی ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی تحلیل کرتے ہوئے نئی کمیٹی بنا دی۔ پی ایچ ایف نے ہیڈکوچ خواجہ جنید کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ فرحت خان کو ہیڈ کوچ بنا دیا ہے جبکہ ان کی معاونت کے شفقت محمود اور محمد سرور کو قومی ہاکی ٹیم کے معاون کوچ مقرر کیا گیا ہے۔فرحت حسن خان منیجر و ہیڈ کوچ جب کہ ملک محمد شفقت اور محمد سرور کوچز ہوں گے۔اولمپیئن حسن سردارپاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے چیف سلیکٹرمنتخب کئے گئے ہیں جبکہ سابق اولپمیئن حنیف خان قومی ہاکی ٹیم کے نئے منیجر منتخب ہوئے ہیں۔ ایازمحموداورمصدق حسین ممبرسلیکشن کمیٹی منتخب ہوئے ہیں۔ پی ایچ ایف نے یہ اقدامات ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث اٹھائے ہیں۔واضح رہے کہ ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان کی ٹیم ناکام رہی تھی جس کے بعد سابق پلیئرز کی جانب سے ٹیم منیجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ذاتی پسند ناپسند پر پلیئرز کو ٹیم میں شامل کرنے کے الزامات بھی لگائے گئے تھے۔