تازہ تر ین

سی پیک کا محفوظ راستہ تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دینگے

لاہور (وقائع نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مالاکنڈ کے عوام کے حقوق غصب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔سی پیک کا طے شدہ اولین روٹ دیر اور چترال سے گزرتا ہے اور یہی راستہ سب سے آسان اور مختصر ہے۔چائنا کے ساتھ ملحق ہونے کی وجہ سے مالاکنڈ روٹ ہی سی پیک کا مختصر اور محفوظ ترین راستہ ہے۔ لوگ سی پیک کو قومی مفادات کے بجائے ذاتی مفادات کی عینک سے دیکھ رہے ہیں ۔حکومت فوری طور پر مالاکنڈ روٹ پر کام کا آغاز کرے اور طویل اور خطرناک راستے کی بجائے آسان اور مختصر روٹ کو اختیار کرے اسی میں ملکی مفاد ہے ۔مالاکنڈ کو علاقہ غیر بنانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمراٹ دیر بالا میں عوامی وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے 62,63 کو آئین سے نکالنے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔احتساب سے بچنے کیلئے حکمرانوں کو آئین کا حلیہ بگاڑنے کا موقع نہیں دیں گے ۔ ہم سب کا احتساب چاہتے ہیں تاکہ جس نے بھی قومی دولت لوٹی اور بیرونی بنکوں میں جمع کی ہے ان سے لوٹی گئی ایک ایک پائی وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرائی جاسکے۔حکمرانوں نے قوم کو جن بنیادی سہولتوں سے محروم کررکھا ہے ،عام آدمی کو وہ سہولتیں مہیا کی جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے فیصلے کے بعد پانامہ سکینڈل میں ملوث باقی تمام افراد کو بھی بے نقاب کرنے کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ جماعت اسلامی نے جس کرپشن فری پاکستان تحریک کا آغاز کیا تھا اسے ان شاءاللہ منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ آئین و قانون سے کوئی بالاتر نہیں ،ملک میں آئین کی حکمرانی کیلئے ہم نے طویل جنگ لڑی ہے ، احتساب کیلئے جماعت اسلامی کی تحریک اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain