اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج پاکستان اور جمہوریت کیلئے بہت بڑا دن ہے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ کرپشن کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو گا۔ کیس کا فائدہ کسی ایک شخص کو نہیں بلکہ پورے ملک کو جاتا ہے۔ ساری جماعتوں کو سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کرنا چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سب سے پہلے پاناما کا معاملہ اٹھایا تھا۔ عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کرپشن کے خاتمے کی امید کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی جماعت اداروں کی حمایت جاری رکھے گی۔ نااہلی کے فیصلے بعد نواز شریف سے رابطے کے امکان کو انہوں نے یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی وزارت عظمیٰ کیلئے اپنا امیدوار سامنے لائے گی۔
