راولپنڈی(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایبٹ آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 2 روزہ بلوچ رجمنٹ کانفرنس میں پہلے دن شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں کمانڈر 10 کور لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے بھی شرکت کی جب کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی سمیت دیگر ریٹائرڈ جنرلز بھی کانفرنس میں شریک تھے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کو اعزازی طور پر چیف آف بلوچ رجمنٹ کے رینکز پیش کیے گئے اور انہیں کرنل انچیف کے اعزازی رینک لگائے گئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے پاک فوج میں بلوچ رجمنٹ کی خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع میں بلوچ رجمنٹ کے اہم کردار پر فخر ہے، بلوچ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنی سرحدوں کے امین ہیں اور ان کا تحفظ یقینی بنائیں گے، پاک فوج دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے کوشش جاری رکھے گی ،دہشتگردی کے خاتمے اور سرحدوں کے تحفظ کےلئے ہر حد تک جائیں گے ۔پاک فوج وطن کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو کبھی نہیں بھولے گی۔بری فوج کے سربراہ نے کہاکہ ملک کی خدمت، یقین کامل کے اعلی معیار، پیشہ وارانہ صلاحیت اور ثابت قدمی کا تقاضا کرتی ہے۔