اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہاہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف سنگین مقدمات سے بچنے کےلئے سپریم کورٹ، نیب اور احتساب عدالت پر دباو¿ بڑھانا چاہتے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں عمران خان نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سپریم کورٹ کے حکم پر شریفوں کے خلاف کارروائی کرنے جارہا ہے تاہم نواز شریف مقدمات سے بچنے کے لئے اداروں پر دباو¿ بڑھانا چاہتے ہیں۔عمران خان نے بیان میں کہا کہ نواز شریف کے کاروان کے ساتھ لاہور جانے کے فیصلے پر انتہائی تشویش ہے اور نواز شریف کے جی ٹی روڈ پر کاروان کا بڑا مقصد نیب کو دباو¿ میں لانا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وزارت عظمیٰ سے تاحیات نااہلی پر نواز شریف جمہوری نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں، جمہوریت میں اخلاقی برتری سے حکومت کی جاتی ہے تاہم سابق وزیراعظم کرپشن بے نقاب ہونے کے دن سے حکومت کرنے کا جواز کھو بیٹھے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کو کمزور کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جبکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ جھٹلا کر شریف خاندان پورا عدالتی نظام تباہ کرنا چاہتے ہیں۔






































