لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدار ت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں آﺅٹ فال روڈ پر دھماکے کے واقعہ کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور وضع کردہ سکیورٹی پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پنجاب کے داخلی اور خارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جائے اور پنجاب اور لاہور میں آنے والی گاڑیوں کی موثر چیکنگ ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات ہنگامی اقدامات کے متقاضی ہیں۔ دشمن پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ متعلقہ اداروں اور محکموں نے جانفشانی اور تندہی سے فرائض سرانجام دینا ہیں اور دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے سکیورٹی اقدامات کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آﺅٹ فال روڈ پر دھماکہ کا واقعہ افسوسناک ہے۔ اس واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے جامع رپورٹ جلد سے جلد پیش کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور دھماکے کے واقعہ کے ذمہ داروں کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے اور ہسپتالوں میں زخمیوں کی بہترین نگہداشت جاری رکھی جائے اور زخمیوں کے تیمارداروں کو بھی ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس میں موجود متعلقہ حکام سے استفسار کیا کہ سگیاں کے پاس ٹرک اڈہ واضح ہدایات کے باوجود دوسری جگہ کیوں منتقل نہیں کیا گیا؟ ٹرک اڈہ جلد سے جلد دوسری جگہ منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ متعلقہ محکموں اور اداروں کو از خود ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں نہ کہ میری ہدایات کا انتظار کرنا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے دھماکے میں جانی نقصان پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ صوبائی وزراءرانا ثناءاللہ، ایوب گادھی، جہانگیر خانزادہ، ایم این اے حمزہ شہبازشریف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلا س میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان انتہائی اہم دور سے گزررہا ہے اور موجودہ حالات مےںاتحاد اوراتفاق کی اہمےت پہلے سے کہیں زےادہ بڑھ گئی ہے اور ےہ وقت نفاق کا نہےں بلکہ اتفاق کا ہے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ دشمن پاکستان مےں عدم استحکام پےدا کرنا چاہتا ہے کیونکہ پاکستان نے گزشتہ 4 برس کے دوران کئی شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے اور سی پیک کے باعث پاکستان نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہا ہے اور یہ ترقی دشمن کو کھٹک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور اتحاد کی قوت سے دشمن کے اےسے مذموم عزائم کو کامےاب نہےں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر صرف اور صرف پاکستان کیلئے کام کرنا ہے کیونکہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم سب کو مل کر پاکستان کو آگے لےکر جانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں نے ملک کو دھرنوں اورلاک ڈاﺅنوں کے علاوہ کچھ نہیں دیا اور قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے اور ان عناصر نے ناشائستگی اور الزامات کی سیاست کو پروان چڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا گروپ نے ملک کی ترقی کی دوڑ میں شامل ہونے کی بجائے ترقی کے عمل میں رکاوٹیں کھڑی کیں اور تبدیلی کے نعرے لگانے والوں کی سیاست صرف اور صرف الزامات لگانے تک محدود ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ سیاسی عناصر عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی کے جذبے سے یکسر دور ہیں اور عوام منافقت اور جھوٹ کی سیاست کرنے والے چہروں کو پہچان چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان عناصر نے گزشتہ انتخابات میں بھی خاک چاٹی اور آئندہ عام انتخابات میں بھی شکست ان کا مقدر ہے۔






































