اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ این اے 120لاہور اور پی پی 4گوجر خا ن کے ضمنی انتخابات میں تجرباتی بنیادوں پرالیکٹرونک ووٹنگ مشینوں ای وی ایم اوربائیو میٹرک مشینوں بی وی ایم کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور نادرا کو این اے،120، پی پی 4کے ووٹروں کا مطلوبہ ڈیٹا کمیشن کوبروقت فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، تفصیلات کے مطابق بدھ کو الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا کی سربراہی میں اجلاس ہوا، جس میں گوجر خان کے ضمنی انتخابات میں الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں اور بائیو میٹرک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا، الیکشن کمیشن کے پاس اس وقت 100بائیو میٹرک مشینیں ہیں جبکہ 150الیکٹرونک ووٹنگ مشینیں موجود ہیں، جن کو ان دونوں ضمنی انتخاب میں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ان کی کارکردگی کا جائزہ تکنیکی بنیادوں پر لیا جاسکے ۔ اس سلسلے میں نادرا سے بھی رابطہ کیاگیا ہے کہ وہ ان انتخابی حلقوں کے ووٹروں کا مطلوبہ ڈیٹا الیکشن کمیشن کوبروقت فراہم کرے۔