اسلام آباد/لاہور/کراچی/کوئٹہ/پشاور( این این آئی) پاکستان کا 70واں یوم آزادی کل پیر 14 اگست کو قومی جذبے اور ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا ۔دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ، خوشحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کےلئے دعاﺅں سے ہوگا ،وفاقی دارالحکومت میں31 اور صوبائی دارالحکومتوںمیں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی ۔ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں اہم حکومتی اور سرکاری شخصیات شرکت کریں گی ۔ ملک بھر میں جشن آزادی کے سلسلہ میں سیمینارز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مقررین جدوجہد آزادی کی تحریک میں دی جانے والی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے ۔حکومتی ، سرکاری شخصیات اورپاک افواج کے افسران ،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے مزار مبارک پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کریں گے ۔ ملک کے مختلف مقامات پر تحریک آزادی پاکستان کے شہداءکے لئے بھی قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائیگا۔ دوسری جانب گلی محلوں اوربازاروں کو خوبصورت جھنڈیوں اور پرچموں سے سجا دیا گیا ۔ اہم سرکاری و نجی عمارگوں پر قومی پرچم لہرانے کے ساتھ چراغاں بھی کیا گیا ہے ۔ملک بھر میں چھوٹے بڑے بازاروں میں ہر طرف قومی پرچموں کی بہار ہے اور بیجز ، جھنڈیوں اور قومی پرچم کی طرز پر لباس کے سٹالز پر خریداری عروج پر ہے ۔تاجروں کی مختلف تنظیموں نے پاکستان کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کے لئے تجارتی مراکز میں ملی نغموں اور قومی ترانے کی دھنیں پیش کرنے کے لئے ساﺅنڈ سسٹم بھی لگا دئیے ہیں۔جشن آزادی کے موقع پرپاکستان ٹیلی وژن ،ریڈیو پاکستان سمیت نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو چینلز پر خصوصی پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے ۔جبکہ جشن آزادی کے موقع پر دہشتگردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کے احکامات کے بعد تمام صوبوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔





































