اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایاز صادق کے جسٹس کھوسہ کیخلاف ریفرنس سے بدنیتی صاف جھلکتی ہے،ریفرنس سے عیاں ہوگیا کہ ایازصادق نواز شریف کی کرپشن بچارہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایاز صادق کے ریفرنس سے بدنیتی صاف جھلکتی ہے۔ ایاز صادق کا یہ کہنا کہ ان کا دفتر تحقیقاتی ادارہ نہیں کئی سوال جنم دیتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ایازصادق نے میرے اور جہانگیر ترین کیخلاف الیکشن کمیشن ریفرنسز کیسے بھجوائے؟ ایاز صادق کے پاس تحقیقات کی صلاحیت نہیں تو نواز شریف کیخلاف ریفرنس کیسے مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کرپشن بچانے کیلیے ہر حد تک جانے پر آمادہ دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایاز صادق نے جانبداری دکھائی ہے تاہم وہ عہدے پر رہنے کیلئے اہل نہیں رہے۔






































