سکھر(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنی توپوں کا رخ آصف زرداری کی جانب موڑ لیا۔ کہتے ہیں کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان صرف ایک فرق ہے، وہ یہ کہ زرداری آرام سے گھر چلیں جائیں گے اور نہیں کہیں گے کہ انھیں کیوں نکالا۔
سکھر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے گارڈ فادر کو پاکستان کی عوام نے سڑکوں پر نکل کر شکست دی، اب آنے والے دور میں سندھ کے بڑے لٹیروں سے مقابلہ کرنا ہے جن کے سردار آصف زرداری ہیں۔ اب عوام کے ساتھ مل کر سندھ کے کرپٹ مافیا کو شکست دوں گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا اور اس کے بعد سپریم کورٹ میں بھی جعلی کاغذات جمع کروائے۔ انہوں نے عدالت کے سامنے جھوٹ بولا یہی ان کا جرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے عدلیہ پر حملے کیے جا رہے ہیں۔ نواز شریف جو خطرناک گیم کھیل رہے ہیں، انھیں جمہوریت کی فکر نہیں بلکہ اپنی دولت کی فکر ہے۔
صوبہ سندھ کے بارے میں مستقبل کی پالیسیاں دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر صوبے کی عوام کیلئے ہیلتھ کارڈ بنائیں گے۔ نئے پاکستان میں نئی معاشی، زرعی اور تعلیمی پالیسی دیں گے تا کہ ملک سے غربت کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اقتدار میں آکر قومی احتساب بیورو (نیب) کے ہاتھ مضبوط کرے گی تا کہ کرپشن پر قابو پایا جا سکے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں میرٹ سسٹم لے کر آئیں گے۔ پی آئی اے اور واپڈا سمیت تمام اداروں کو مضبوط کریں گے جبکہ نوجوانوں کو کاروبار اور اپنے پاو¿ں پر کھڑا کرنے کیلئے قرضے فراہم کرینگے۔
