راولپنڈی (خصوصی رپورٹ) مری میں اربوں روپے کی سینکڑوں کنال سرکاری اراضی کوڑیوں کے بھاﺅ لیز کرنے کے باوجود 20/20 برسوں سے سرکار کو کوئی کرایہ وصول نہیں ہوا ہے‘ جس کا بورڈ آف ریونیو پنجاب نے بھی سخت نوٹس لیا ہے اور کئی بار نشاندہی کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق کروڑوں روپے کنال والی جگہ 160 روپے سے ایک ہزار روپے کنال سالانہ لیز کی گئیں اس کے باوجود کرایہ وصول نہیں کیا جارہا ہے۔ بورڈ آف ریونیو کی رپورٹ کے مطابق شنگریلا ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹس کو 112 کنال اراضی فروری 90ءمیں پچاس سال کیلئے 160روپے کنال کے حساب سے لیز کی گئی‘ جس کا کرایہ جون 2000ءتک جمع ہے۔ لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ یامین کے تھری سٹار ہوٹل کو مئی 90ءمیں پچاس سالہ لیز پر 160روپے کنال کے حساب سے 120کنال اراضی لیز کی گئی ‘ جس کا کرایہ 1999ءتک جمع ہے۔ مائیکروویو ٹاور کیلئے آٹھ کنال اراضی ایک ہزار روپے کنال کے حساب سے بارہ برسوں کیلئے مئی 96ءمیں لیز کی گئی‘ 1999ءتک کرایہ لیا گیا۔ ایک خاتون فرحت رانا ولد چودھری وارث رانا کو چار کنال چار مرلہ اراضی جولائی 95ءمیں بارہ برسوں کیلئے ایک ہزار روپے کنال پر دی گئی‘ آج تک کوئی رقم سرکاری خزانے میں جمع نہیں ہوئی۔ گیسٹ ہاﺅس مری کو دو کنال 16مرلہ اراضی اگست 90ءمیں 30برسوں کیلئے 160روپے کنال پر دی گئی جس میں سالانہ 25فیصد اضافہ ہونا تھا۔ صرف 1996-97ءتک کرایہ ملا۔ میسرز پارکس پاک پرائیویٹ لمیٹڈ کو چیئر لفٹ منصوبہ کیلئے 39ایکڑ 6کنال اراضی 30برسوں کیلئے160روپے کنال کے حساب سے اپریل 87ءمیں دی گئی‘ آج تک کوئی رقم ریکور نہیں ہوئی۔ پاک سروسز پی سی ہوٹل کو پانچ ایکڑ اراضی 30برسوں کیلئے اگست91ءمیں لیز کی گئی جس کا آج تک کرایہ ہی طے نہیں ہو سکا۔ مری امپرومنٹ ٹرسٹ کو چائنیز ہوٹل کیلئے 7ایکڑ ستمبر 91ءمیں 18ہزار 557روپے میں25برسوں کیلئے لیز کی گئی‘ کچھ وصول نہیں ہوا۔ اسی طرح مینجمنٹ آف لارنس کالج کو آٹھ کنال چار مرلہ اراضی مئی 93ءمیں 25سالہ لیز پر دی گئی‘ جس کے کرایہ کا تعین کیا گیا لیکن اب ریکارڈ دستیاب نہیں ہے۔ بورڈ آف ریونیونے ڈسٹرکٹ کلکٹر راولپنڈی کو ہدایت کی ہے کہ وہ لیزشدہ جگہوں کا ریکارڈ تلاش کرائیں اور تازہ ترین رپورٹ بھجوائیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر مری اور ڈسٹرکٹ آفس نے اتنی زحمت ہی نہیں کی کہ سرکاری اراضی کا ریکارڈ حاصل کریں‘ جس کے باعث بغیر کوئی پیسہ ادا کئے لیز ہولڈر سرکاری اراضی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔