لاہور: سری لنکا کے خلاف پاکستان کے 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔سری لنکا کیخلاف متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ سیریز کیلیے پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ فٹنس پر شکوک کے باوجود یاسر شاہ کو شامل کرلیا گیا جبکہ گھٹنے کی انجری سے مکمل بحالی کیلیے کوشاں اظہر علی بھی ٹیم کے ہمراہ ہونگے۔ احمد شہزاد اور محمد رضوان کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران اسکواڈ کا اعلان کیا جس میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، شان مسعود، سمیع اسلم ، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، یاسر شاہ، محمد اصغر، بلال آصف شامل ہیں۔ کیمپ میں موجود چاروں پیسرز میر حمزہ، محمد عامر، محمد عباس، وہاب ریاض اور حسن علی بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں شیڈول کیا گیا ہے لیکن اس کا انحصار سکیورٹی کی صورتحال پر ہوگا۔