اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سینٹ سے منظور ہونے والا الیکشن اصلاحات بل اب 2 اکتوبر کو قومی اسمبلی سے منظور کرانے کے بعد نوازشریف 3 اکتوبر کو مسلم لیگ ن کے صدر منتخب ہوجائیں گے۔ رواں ماہ 22 تاریخ کو سینٹ میں الیکشن اصلاحات بل کی شق 203 منظورکرانے کے لئے پریذائیڈنگ افسر نے ووٹنگ کرائی تھی جس میں بل کی حمایت میں 38 اور مخالفت میں 37 ووٹ ڈالے گئے جس کے بعد نوازشریف کے پارٹی صدر بننے کی راہ ہموار ہوگئی تھی۔ حکومت 2 اکتوبر کو قومی اسمبلی میں الیکشن اصلاحات بل 2017ءمنظوری کے لئے پیش کرے گی اور بل کی منظوری کے بعد اسی روز صدر مملکت ممنون حسین بل پر دستخط کردیں گے جبکہ 3 اکتوبر کو مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل کا اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں نوازشریف کو ایک بار پھر جماعت کا صدر منتخب کرلیا جائے گا۔