امریکی وزیر دفاع کے کابل پہنچتے ہی ائرپورٹ پر حملہ

کابل: امریکی وزیر دفاع جم میٹس کے افغانستان پہنچتے ہی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر راکٹ حملہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔امریکی وزیر دفاع جم میٹس بھارت کا دورہ مکمل کرنے کے بعد نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ کے ہمراہ غیراعلانیہ دورے پر افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کے مطابق جم میٹس کے پہنچنے کے تھوڑی دیر بعد ہی کابل انٹرنیشنل ائرپورٹ کے فوجی حصے میں 20 راکٹ آکر پھٹے ہیں جس سے ایک ہیلی کاپٹر مکمل تباہ ہوگیا جب کہ 3 ہیلی کاپٹرز اور لڑاکا طیاروں کے پارکنگ ہینگرز کو نقصان پہنچا۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ دو مختلف مقامات سے راکٹ فائر کیے گئے۔ فورسز نے پکتیا کوٹ کے علاقے میں ایک گھر کا محاصرہ کرلیا جہاں تین عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ہے اور فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے ۔ نجیب دانش نے کہا کہ جنگجوؤں کی جانب سے راکٹ اور مارٹر سمیت بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔طالبان اور داعش دونوں نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے ائرپورٹ کو بند کرنے کے بعد تمام پروازیں منسوخ کرتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور اس مقام کا پتہ لگانے کی کوشش کی جہاں سے راکٹ فائر کیے گئے۔

دیرپا امن کیلئے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ضروری ہے، آرمی چیف

 راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دیرپا امن و استحکام کے لئے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے بہتر کچھ نہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کینٹ میں آرمی پبلک اسکول و کالج کا افتتاح کیا ۔ مقامی عمائدین نے سوات کینٹ میں اسکول اور کالج کے قیام پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دیرپا امن و استحکام کے لئے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے بہتر کچھ نہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی پبلک اسکول پاک فوج کی جانب سے سوات کے عوام کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کا تحفہ ہے۔  سوات میں آرمی پبلک اسکول کا کیمپس جدید ترین سہولیات سے مزین ہے جس میں اسپورٹس اسٹیڈیم اور آڈیٹوریم بھی شامل ہے۔

بھارت افغانستان کے راستے پاکستان میں مداخلت کررہا ہے، خواجہ آصف

نیویارک: وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے اور اسی لیے پاک افغان سرحد پر مؤثر بارڈر مینجمنٹ ناگزیر ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق  نیویارک میں ایشیا سوسائٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ اس خیال سے متفق ہیں کہ پاکستان کو شدت پسندی اور دہشت گردی کی باقیات کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہییں۔ بلاشبہ ہم نے غلطیاں کی ہیں لیکن صرف ہمیں مورد الزام ٹھہرانا ناانصافی ہے۔ امریکا کو سوویت یونین کے خلاف سرد جنگ جیتنے کے بعد خطے کو ایسے چھوڑ کر نہیں جانا چاہیے تھا۔ اس کے بعد سے ہم جہنم میں چلے گئے اور آج تک اسی جہنم میں جل رہے ہیں۔ افغانستان میں امن و سلامتی کی ذمےداری پاکستان پر ڈالی نہیں جاسکتی اور نہ ہی اسلام آباد کابل میں قیام امن کا ضامن ہے، کئی افغان رہنما اپنے مفادات کے لیے پاکستان سے کشیدگی جاری رکھنا چاہتے ہیں، امریکا جنگ سے افغانستان میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ سرحدوں کی دیکھ بھال کرنا سب سے ضروری ہے اور افغان حکومت کو اس پر توجہ دینی ہو گی۔خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے اور اسی لیے پاک افغان سرحد پر مؤثر بارڈر مینجمنٹ ناگزیر ہے، بھارت میں 66 سےزیادہ دہشت گرد تنظیمیں ہیں اور نریندر مودی اب تک گجرات سے باہر نہیں نکل سکے۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں ایسے لوگ موجود ہیں جو بحران کی صورت میں پاکستان اور خطے کے لیے ایک بوجھ ثابت ہو سکتے ہیں۔  ہمارے پاس ان سے جان چھڑانے کے وسائل نہیں ہیں۔ حافظ سعید کی تنظیم کالعدم ہے اور وہ نظربند ہیں مگر میں آپ سے متفق ہوں کہ اس سلسلے میں ہمیں مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔

ایران کے بعد بھارتی سورماﺅں کی فائرنگ ،پاک فوج کا منہ توڑ جواب

اسلام آباد (ویب ڈیسک)آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی جانب سے ایل او سی ،نکیال سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ سے 3خواتین سمیت4شہری زخمی ہوئے ہیں ۔پاک فوج نے بھی جوابی کاروائی کرکے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے۔

تحریک انصاف میں دراڑیں ،دو دھڑے بن گئے

 اسلام آباد (ویب ڈیسک) شاہ محمود قریشی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرلانے کے معاملے پر تحریک انصاف اختلافات کا شکار ہوگئی۔ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی کو قومی اسمبلی میں بطور قائد حزب اختلاف نامزد کرنے پر پارٹی رہنما دوحصوں میں تقسیم ہوگئے، اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پارٹی گروپ بندی کا شکار ہوگئی ہے اور اس فیصلے پر بعض ارکان ِقومی اسمبلی نے سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی سربراہ عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی پارٹی ے اجلاس میں عمران خان کو اپوزیشن لیڈربنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم شاہ محمود قریشی کی گزشتہ روز ایم کیوایم کی قیادت سے ان کے مرکز پرملاقات  سے انہیں اپوزیشن لیڈر بنانے کا تاثردیا گیا  جس پر کراچی کی مقامی قیادت اور خیبرپختونخوا کے بعض ارکان نے اعتراض کیا ہے۔کراچی سے پی ٹی آئی کے اہم رہنما عمران اسماعیل نے شاہ محمود کو اپوزیشن لیڈر بنانے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم کے ساتھ ملنے پر کارکنوں کا سخت ردعمل آئے گا جس سے پارٹی قیادت اور ورکرز میں تناؤ کی کیفیت ہوگی جو پارٹی کے لیے نقصان دہ ہے۔انہی خدشات کا اظہار خیبرپختونخوا سے منتخب ارکان اسمبلی بھی کررہے ہیں جو شاہ محمود کی ایم کیوایم سے ملاقات پر ناخوش ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ عمران خان کو خود قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کرنا چاہیے۔

فیس بک 2018میں بند۔۔۔

ماسکو: روس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کو خبردار کیا ہے کہ اگر مقامی صارفین کے ڈیٹا کو محفوظ کرنے کے حوالے سے قانون پر عملد درآمد نہیں کرایا گیا تو فیس بک کو 2018 تک بند کردیا جائے گا۔روس میں انٹرنیٹ کی نگرانی کرنے والی ٹیلی کام کمپنی کے سربراہ الیکزینڈر نے فیس بک انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ مقامی صارفین کے ڈیٹا کو محفوظ کرنے کے حوالے سے قانون پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہوجاتا ہے تو فیس بک کو روس میں کام بند کرنا پڑے گا جیسا کہ بدقسمتی سے لنکڈ ان کو کرنا پڑا، اس حوالے سے کمپنی کو کوئی استشتا حاصل نہیں ہے کیوں کہ یہ قانون سازی انتہائی ضروری ہے اور ہم ہر صورت میں قانون حاصل کریں گے۔آئی ٹی کمپنی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کا اندازہ ہے کہ روس میں فیس بک بہت اہمیت کا حامل ہے اور اس کے لاتعداد صارفین بھی یہاں موجود ہیں لیکن یہ کوئی منفرد سروس نہیں ہے ایسی اور بھی بہت سی سوشل سائٹس موجود ہیں۔روسی صارفین کے ذاتی ڈیٹا کو روس کے اندر محفوظ کرنے کے لیے غیر ملکی میسج سروس، سرچ انجن اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ کی ضرورت تھی مگر اس حوالے سے 2014 میں ایک قانون پاس ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ روسی صارفین کا ڈیٹا صرف روس کے سروس پر ذخیرہ کیا جائے۔

روہنگیا مسلمانوں کیخلاف بدھ مت دہشتگردی ہو رہی ہے

ڈھاکہ‘ استنبول (این این آئی) ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل وعام کا ذمہ دار سکیورٹی فورسز کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ روہنگیا مسلمان اقلیت کے خلاف ‘بدھ مت دہشت گردی’ کو ہوا دے رہی ہیں، میڈیا رپورٹس کے مطابق استنبول میں ایک تقریر کے دوران ترک صدر نے عالمی برادری کو میانمار کی حکومت کے خلاف پابندیاں نہ لگانے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ اردگان کا کہنا تھا کہ ‘وہاں مکمل طور پر نسل کشی ہو رہی ہے۔ میانمار کی نوبیل انعام یافتہ رہنما آنگ سان سوچی سے بھی ترک صدر نے بذریعہ فون رابطہ کیا تاہم ان کا موقف تھا کہ ‘بدھ مت ہمیشہ سے امن کے پیامبر کے طور پر پیش آتے ہیں۔ ترک صدر نے کہا کہ ‘اس وقت میانمار میں مکمل طور پر بدھ مت دہشت گردی ہے لیکن میں نہیں جانتا کہ اس کو یوگا سے کیسے تبدیل کیا جاسکتا، یہ ایک حقیقت ہے اور تمام انسانیت کو اس کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے۔ ترک صدر طیب اردگان نے عالمی برادری کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دنیا ‘اسلامی دہشت گردی’ کی فوری مذمت کرتی ہے لیکن ‘مسیحی دہشت گردی’، یہودی دہشت گردی’ اور بدھ مت دہشت گردی’ پر خاموش ہوجاتی ہے۔ بنگلہ دیش کے ایک اسپتال میں روہنگیا مسلمان زیر علاج ہیں۔، ان کے گھر میانمار کی فوج نے حال ہی میں نذر آتش کر دیئے گئے، غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جس وقت ان کے گھروں میں آگ لگائی گئی یہ افراد گھروں میں موجود تھے اور کوشش کے باوجود آگ سے نہیں بچ پائے جس کے سبب ان کے جسم بری طرح جھلس گئے۔ آگ میں جھلسنے سے ان کے جسموں پر لگے زخم تو شاید کچھ عرصے بعد مندومل ہوجائیں لیکن روح پر لگے زخم شاید کبھی نہ بھر سکیں۔

چین میں سابق میئر کو رشوت کے جرم میں12 سال قید

بیجنگ (این این آئی) چین کی حکمران جماعت کے رکن اور شہر تیانجن کے سابق میئر کو رشوت لینے کے جرم میں12 سال کیلئے جیل بھیج دیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی عدالت کا کہنا تھا کہ تیانجن کے سابق میئر ہوانگ زنگو نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے زمینوں کی منظوری کیلئے 6 ملین ڈالر سے زائد رشوت لی جس پر عدالت نے انہیں 12 سال کیلئے جیل کی سزا سنائی ہے۔
2008 میں میئر بننے والے ہوانگ زنگو تیانجن میں کمیونسٹ پارٹی کے موجودہ سربراہ بھی ہیں۔صدر ژی جن پنگ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک درجنوں چینی حکام کو کرپشن پر جیل بھیجا گیا ہے۔

بھارت کے بعد ایک اور ملک کا پاکستانی سرحد پر حملہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک)  پاک ایران سرحد کے قریب ایرانی فورسز کی فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔بدھ کو نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ تربت میں پاکستان اور ایران کے سرحدی علاقے شیری کور میں ایرانی فورسز نے فائرنگ کی۔فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ذرائع کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت منہاج کے نام سے ہوئی ہے،جو اپنے ساتھی کے ہمراہ گاڑی میں اپنے آبائی گاؤں جا رہا تھا کہ ایرانی فورسز نے فائرنگ کردی جس کی زد میں آ کر وہ جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی احسان شدید زخمی ہوگیا۔زخمی شخص کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال تربت منتقل کردیا گیا۔اس سے پہلے بھارت کی ایل او سی پر نکیال سیکٹر پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ، ایک شہری شہید۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی افواج کی جانب سے آزادکشمیر کے ضلع کوٹلی کے علاقے نکیال سیکٹر میں سیز فائرہ معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ سے بالاکوٹ کا رہائشی شہری شہید ہو گیا جبکہ 4افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا موثر جواب دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2003میں ایل او سی پر سیز فائر معاہدہ طے پایا تھا جس کی بھارت کی جانب سے اب تک ہزاروں بار خلاف ورزی کی جا چکی ہے ،بھارتی بزدل افواج ایل او سی پر آزادکشمیر کے سول آبادی کے علاقوں کو نشانہ بناتا رہتا ہے جس میں حالیہ دنوں میں شدت آچکی ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی بھارتی فائرنگ سے 7شہری شہید جبکہ درجن سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب ورکنگ بائونڈر پر بھی پاکستانی علاقوں پر بھارتی گولہ باری کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔

جانتا ہوں مجھے کس جرم کی سزا دی گئی, سابق وزیراعظم نے بڑا فیصلہ کرلیا

اسلا م آ با د(کرائم رپورٹر)احتساب عدالت نے نیب کے تین ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے سامنے پیش ہوئے اور حاضری لگانے کے بعد واپس پنجاب ہاو¿س پہنچ گئے۔احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم، ان کے بچوں حسن، حسین اور مریم نواز سمیت کیپٹن (ر) محمد صفدر کوبھی ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا لیکن صرف نواز شریف ہی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔دوران سماعت سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث نے نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی اور عدالت سے استدعا کی کہ ان کی اہلیہ لندن میں زیرعلاج ہیں اس لئے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔نیب پراسیکیوٹر مظفر عباس نے نواز شریف کی استثنیٰ کی درخواست کی شدید مخالفت کی۔ عدالت نے سابق وزیراعظم پر نیب کے تین ریفرنسز میں فرد جرم کے لئے 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فرد جرم کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔سابق وزیراعظم عدالت کے روبرو پیش ہوئے تو اس موقع پر مسلم لیگ ن کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی اور کمرہ عدالت کھچا کھچ بھر گیا تھا۔ کمرہ عدالت میں بدنظمی دیکھتے ہوئے معزز جج نے سابق وزیراعظم کو حاضری لگانے کے بعد واپس جانے کی اجازت دے دی اور ریمارکس دیے کہ نواز شریف کو اس لیے جانے دے رہے ہیں کہ رش کم ہو اور کیس کی سماعت کی جائے۔جس کے بعد نواز شریف نے حاضری یقینی بنانے کے بعد واپس پنجاب ہاو¿س پہنچ گئے۔سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی جانب سے نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی عدالت میں جمع کرائی گئی۔ادھراحتساب عدالت نے ریفرنسز میں مریم، حسن اور حسین نواز کو بھی طلب کر رکھا تھا، دوران سماعت نیب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نوازشریف کے بچوں کو عدالتی سمن کی تعمیل کرادی گئی ہے اور یہ تعمیل لندن میں کرائی گئی ہے۔نیب نے عدالت میں مو¿قف اپنایا کہ عدالتی سمن کی تعمیل کرانے کے باوجود نوازشریف کے بچے اور کیپٹن (ر) صفدر عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے مریم، حسن اور حسین نوازسمیت کیپٹن (ر) صفدر کے بھی قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔