لندن میں زیرزمین ٹرین میں دھماکے سے متعدد افراد زخمی

 لندن: برطانوی دارالحکومت میں زیرزمین ٹرین میں دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔برطانوی میڈیا کے مطابق لندن میں ٹاور ہل ریلوے اسٹیشن کی ٹرین میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں خواتین و بچوں سمیت کم از کم 5 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیلا گیا اور بھگڈر مچ گئی جب کہ لوگ ٹرین سے اتر کر محفوظ مقام کی طرف فرار ہوگئے۔برطانوی پولیس نے بتایا کہ ٹرین میں رکھے ایک سیاہ بیگ میں دھماکا ہوا جس کے بعد بیگ نے آگ پکڑ لی اور ڈبے میں دھواں بھر گیا۔ واقعے کے بعد ٹرین اسٹیشن کو بند کردیا گیا اور سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔ دھماکے کے نتیجے میں ٹرین کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی ہے۔

آئی سی سی نے کرکٹ کے نئے قوانین متعارف کروادیے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کے کئی نئے قوانین متعارف کروا دیے، جو 28 ستمبر اور اس کے بعد ہونے والی کرکٹ سیریز پر لاگو ہوں گے۔ان دلچسپ قوانین اور ترامیم کا اطلاق 28 ستمبر سے پاک-سری لنکا ابوظہبی ٹیسٹ سے ہورہا ہے.واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 28 ستمبر کو متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا اور ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ 6 اکتوبر سے شروع ہوگا علاوہ ازیں دونوں ٹیموں کے درمیان آئندہ ماہ 5 ون ڈے اور تین ٹی20 میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔متعارف کروائے گئے ان نئے قوانین میں سب سے اہم یہ ہے کہ ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی پر اب امپائرز کھلاڑی کو میدان بدر کرسکیں گے.اس کے علاوہ بلے اور گیند کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے کرکٹ بیٹ کے سائز کی حد بھی مقرر کردی گئی ہے۔علاوہ ازیں ٹیسٹ میچ کی اننگز میں 80 اوور کے بعد ڈی آر ایس ٹاپ اپ ختم جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی ڈی آر ایس کا استعال کیا جائے گا۔نئے قوانین کے مطابق باؤنڈری سے باہر ہوا میں کیچ اب چھکا قرار دیا جائے گا جبکہ ہوا میں اچھل کر کیچ اگر باؤنڈری کے اندر پکڑا گیا تو آؤٹ مانا جائے گا۔

امیر قطر اچانک غائب،عرب دنیا میں کھلبلی

دوہا(نیٹ نیوز) سعودی قطر تنازعے میں اچانک ایک نیا موڑ آ گیا ہے، لیکن اس بار خبر کشیدگی میں اضافے کے متعلق نہیں بلکہ قطری امیر کی پراسرار ’گمشدگی‘ کے متعلق ہے۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق عرب سوشل میڈیا پر ایک خصوصی ہیش ٹیگ کا آغاز کیا گیا ہے جس کا مقصد قطر کے امیر شیخ تمیم بن الثانی کا سراغ لگانا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے قطری امیر کے خطاب کے بعد سے اب تک میڈیا میں اس بارے میں کوئی مصدقہ خبر سامنے نہیں آئی کہ وہ کہاں ہیں۔ ایک قطری ٹی وی کے مطابق شیخ تمیم کی ہفتے کے روز اپنے ملک واپسی کی خبر درست نہیں ہے، جبکہ دوسری جانب یہ بھی کہا جارہا ہے کہ وہ نیویارک سے دو روز قبل روانہ ہوچکے ہیں لیکن تاحال اپنے ملک نہیں پہنچے ہیں۔ ایک انٹرنیٹ صارف عبداللہ الغامدی کا کہنا تھا کہ قطری امیر کے بارے میں درست معلومات فراہم نہ کرکے بین الاقوامی برادری کو یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ ان کا ملک محاصرے میں ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد اس رائے کا بھی اظہار کر رہی ہے کہ قطری امیر ایران یا ترکی کے غیر اعلانیہ دورے پر ہیں۔ بہرحال، حقیقت جو بھی ہے تاحال واضح نہیں۔

محمد عرفان کی6ماہ پابندی کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی ہو گئی

لاہور(آئی این پی)اسپاٹ فکسنگ کیس میں چھ ماہ کی پابندی کے بعد دراز قد فاسٹ باولر محمد عرفان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی ہو گئی ہے۔محمد عرفان قائد اعظم ٹرافی میں پاکستان واپڈا میں نمائندگی کر رہے ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں واپڈا کی ٹیم لاہور بلیوز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر رہی ہے۔فاسٹ بولر محمد عرفان کا کہنا ہے کہ آجکے دن کا شدت سے انتظار تھا ، ایسا لگ رہا ہے کہ چھ برس کے بعد کرکٹ میں واپسی ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں کامیاب بولر

بن کر قومی ٹیم میں واپسی کا ہدف ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ نئی گیند کے استعمال سے بولروں کو فائدہ ہو گا۔

کشمیری اور بھارتی ریاستوں کی آزادی بارے جنیوا،سوئزر لینڈ میں کیا ہورہا ہے،اہم خبر

جنیوا (نیٹ نیوز) بھارت کی مختلف ریاستوں میں آزادی اور علیحدگی کی تحریکیں زوروں پر ہیں، مقبوضہ کشمیر ، بھارتی ریاست تری پورہ ، ناگالینڈ اور منی پور کی آزادی کیلئے جنیوا اور سوئزرلینڈ میں بینرز مختلف مقامات پر آویزاں کردیئے گئے ہیں، بینرز میٹروبسوں اور ٹرامز پر لگائے گئے ہیں، جنیوا میں آج کل اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا 36واں اجلاس جاری ہے جس میں مختلف ممالک کی انسانی حقوق صورتحال کا جائزہ لیا جارہاہے، اس موقع پر کشمیریوں کی آزادی اور بھارتی ریاستوں میں چلنے وال آزادی کی تحریکوں کو موثر طریقے سے اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

نشانہ میری ذات اور میرا خاندان ہے :نواز شریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حالات کی سنگینی کا سامنا پہلے بھی کیا اور اب بھی کررہا ہوں جبکہ فیصلوں کی ساکھ نہ رہے تو عدالتوں کی ساکھ بھی نہیں رہتی۔پنجاب ہاو¿س اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماو¿ں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاناما تاریخ کا پہلا کیس ہے جس میں دفاع کرنے والے کے حقوق سلب کرلیے گئے اور عدل و قانون کا پورا وزن درخواست گزار کے پلڑے میں ڈال دیا گیا، اس کیس نے سیاسی انتقام کی کوکھ سے جنم لیا، چونکہ عدلیہ نے مجھے بہرصورت نااہل کرنا تھا اس لیے اقامہ کی آڑ لے گئی، کیا ایسا ہوتا ہے انصاف، کیا یہی قانون کی پاسداری اور فیئر ٹرائل یہی ہے، قانون کی پاسداری نہ ہونے سے اداروں میں تصادم کا خدشہ جنم لیتا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ انصاف کے عمل کو انتقام کا عمل بنادیا جائے تو پہلی سزا کسی فرد کو نہیں بلکہ عدالت کو ملتی ہے، فیصلوں کی ساکھ نہ رہے تو عدالتوں کی ساکھ بھی نہیں رہتی، تمیزالدین سے نواز شریف تک تاریخ ایسے فیصلوں سے بھری ہے جن پر ندامت ہوتی ہے، 70 سالہ کینسر کا علاج تجویز کرنے کا وقت آگیا ورنہ پاکستان خدانخواستہ کسی سانحے کا شکار نہ ہوجائے، میں جھوٹ پر مبنی بے بنیاد مقدمے لڑ رہا ہوں اور سزا پارہا ہوں۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ پہلے اور اب میں فرق یہ ہے کہ پہلے آمریت تھی لیکن اب جمہوری دور ہے، آمر کے دور میں اپیل کا حق تھا آج اس سے بھی محروم کردیا گیا، ہم قانون کی عملداری پر یقین رکھتے ہیں، ہم نے جائز اور ناجائز سب تسلیم کیا لیکن ملک میں ہر صورت قانون کی پاسداری اور انصاف ہونا چاہیے، قانون کی بالادستی نہ ہونے سے اداروں میں تصادم کا خدشہ پیدا ہوتا ہے، حالات کی سنگینی کا سامنا پہلے بھی کیا اور اب بھی کررہا ہوں۔نواز شریف نے مزید کہا کہ میں میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتا ہوں، صحافیوں پر تشدد کی مذمت کرتا ہوں، احتساب عدالت میں پیشی کے وقت ناخوشگوار واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا، آمریت کے دور کے پٹے ہوئے مقدمات کو میرے خلاف استعمال کیا جارہا ہے، نشانہ میری ذات اور میرا خاندان ہے لیکن سزا پوری قوم کو اور ان کی نسلوں کو دی جارہی ہے، میرا ضمیر اور دامن صاف ہے، عوام میرے ساتھ کھڑے ہیں، امید ہے کہ کہیں نہ کہیں انصاف زندہ ضرور ہے۔

داعش کا شہزادہ ہیری کو چیلنج ،برطانیہ میں کھلبلی

لندن (نیٹ نیوز) سنگاپور میں داعش کے جنگجو نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں برطانوی شہزادے ہیری کو جہادیوں سے لڑائی کا چیلنج دیا گیا ہے۔ ویڈیو میں ابو عقیل نام ظاہر کیا گیا ہے۔ ویڈیو انگریزی زبان میں جاری ہوئی‘ اس میں جون میں لندن میں دہشتگردانہ حملے کا بھی حوالہ دیا گیا جب ہیری سنگاپور کے دورے پر تھے۔

ماہرہ خان ”را“ کی ایجنٹ ،اہم شخصیت کے چونکا دینے والے انکشافات

لاہور (خصوصی رپورٹ) کوئین اداکارہ میرا نے ایک بار پھر اداکارہ ماہرہ خان پر لفظوں کی گولیہ باری شروع کردی۔ فلمسٹار میرا نے ماہرہ خان کی بھارتی اداکارہ رنبیر کپور کے ساتھ تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماہرہ خان خودغرض‘ کرپٹ اور نشے کی عادی ہے۔ میں نے اس سے پہلے بھی ماہرہ خان کے حوالے سے سوشل میڈیا پر سٹیٹس اپ لوڈ کیا تھا مگر کسی نے میری بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ میرا نے کہا کہ مجھے ماہرہ خان سے کوئی ذاتی رنجش نہیں مگر جو بھی ملکی مفاد کے خلاف کام کرے گا میں اس کے خلاف آواز بلند کرتی رہوں گی۔

غریبوں کیلئے بجلی کے مفت کنکشن ،اہم خبر

نئی دہلی(نیٹ نیوز) بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے 2019ءتک ہر گھر کو بجلی فراہم کرنے کے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس منصوبے کو ”پردھان منتری سہج بجلی ہر گھر یوجنا سوبھاگیہ “ کا نام دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت حکومت کا 31 مارچ 2019ئ تک انڈیا کے ہر گھر کو بجلی فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق اس منصوبے کا اعلان وزیرِ اعظم نریندر مودی نے دارالحکومت نئی دہلی میں تیل اور قدرتی گیس کارپوریشن کے نئے کمپلکس کے موقع پر کیا۔ اس منصوبے سکیم کے تحت غریب گھرانوں کو بجلی کا مفت کنکشن فراہم کیا جائے گا۔ منصوبے کی لاگت کا اندازہ 16320 کروڑ روپے لگایا گیا ہے جبکہ شہری علاقوں کے لئے کل خرچ 1732.50 کروڑ روپے ہو گا۔ سیکم کے تحت دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں سولر پاور پیک دیا جائیگا۔ اس میں 5 ایل ای ڈی لائٹیں، ایک پنکھا،ایک ڈی سی پاور پلگ شامل ہو گا۔