نواسہ رسول ﷺحضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور انکے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کیلئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں ’یوم عاشور‘ آج مذہبی عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے۔ مرکزی امام بارگاہوں سے جلوس برآمد ہو گئے ہیں جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے منزل مقصود پر اختتام پذیر ہوں گے جس کے بعد شام غریباں منائی جائیگی۔ لاہور میں مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوگیا ہے۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں موبائل فون سروس معطل ہے۔ امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کیساتھ پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہیں۔ لاہور، کراچی، پشاور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد ہے۔ جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔ صوبائی، ڈویڑن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز قائم ہیں۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ پنجاب نے دفعہ 144(6) کے تحت صوبہ بھر میں محرم کے جلوسوں، ذوالجناح یا تعزیہ کے تمام روٹس پر واقع گھروں ودکانوں کی چھتوں پر کھڑے ہونے، دروازے کھڑکیاں کھلی رکھنے، غیرمتعلقہ افراد کے محرم جلوسوں کے قریب کھڑے ہونے، ا?تشبازی، گولے،کریکرز چلانے کو ممنوع قرار دیا ہے۔ ماتمی جلوسوں کے اندر تلاشی کے بغیر سامان لیجانے اور مجالس یا جلوسوں کے طے شدہ اوقات کی خلاف ورزی پر بھی پابندی ہو گی۔ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے جلوسوں کی فضائی نگرانی کی جائیگی۔ جلوس کے راستوں میں بغیر اجازت سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے پر بھی پابندی عائد ہے جب کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ ہے۔