اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سابق وزیراعظم نوازشریف کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ نوازشریف 13 اکتوبر کو بھی احتساب عدالت میں پیش نہ ہوں گے۔ انہوں نے اپنے چیک اپ کے سلسلہ میں لندن ڈاکٹروں سے وقت لیا ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بھی وہ اپنی اہلیہ کی بیماری کے باعث احتساب عدالت میں پیش نہ ہوئے تھے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ چونکہ عدالت ایسے کسی جواز کو نہیں مانتی کہ کوئی بھی نامزد ملزم کوئی ایسا بہانہ تراش سکے کہ وہ اپنے کسی خونی رشتہ کی علالت کے باعث حاضر نہیں ہوسکے گا وگرنہ آئندہ یہی بہانے عدالت میں دیگر اہم سنگین نوعیت کے مقدمات کے ملزمان بھی نوازشریف کو مقدمات سے نظر چرانے کی خاطر بطور مثال بنا لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الوقت اگر میاں نوازشریف عدالت میں پیش ہوگئے اور ان پر فرد جرم بھی عائد ہوگئی تو ان کے لئے بہت سے مشکلات جنم لے سکتی ہیں جبکہ دوسری طرف ان کے مقدمہ سے استثنیٰ کی درخواست پر عدالت کی جانب سے محفوظ شدہ فیصلہ بھی ان کے حق میں آتا نظر نہیں آتا اور یہی وجہ ہے کہ نوازشریف آئندہ اہلیہ کی بجائے اپنے میڈیکل گراﺅنڈ پر عدالت سے استثنیٰ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے انہوں نے بھی اپنے کنسلٹنٹ سے رابطہ کرلیا ہے۔
پرسوں عدالت پیشی پر جائیں گے یا نہیں ،فیصلہ کرلیا

