تازہ تر ین

رائیونڈ کے بعد گنگارام ہسپتال میں بچے کی باہر فرش پر پیدائش‘ وزیراعلیٰ کا نوٹس

لاہور (خصوصی رپورٹ) رائیونڈ کے بعد لاہور کے گنگارام ہسپتال میں لاچار ماں نے ہسپتال انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث ایم ایس آفس کے قریب ٹھنڈے فرش پر بچے کو جنم دے دیا جس کے بعد ہسپتال انتظامیہ سمیت محکمہ صحت کے افسران کی دوڑیں لگ گئیں۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ کی 48گھنٹوں میں تحقیقات کیلئے 4رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ جمعہ کے روز صبح 10سے 11بجے کے درمیان بادامی باغ کی رہائشی حاملہ خاتون بشریٰ ریاض جو گزشتہ روز گنگارام ہسپتال گائنی ایمرجنسی میں زچگی کیلئے داخل ہوئی‘ جمعہ کی صبح خاتون کو اس کے اہل خانہ چہل قدمی اور کھانے پلانے کیلئے کینٹین کی جانب لے کر آئے جہاں خاتون نے ایم ایس آفس کے سامنے موجود انڈرپاس کے شروع میں اچانک بچے کو جنم دے دیا جس پر ہسپتال انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں اور انہوں نے فوری خاتون کو فرش سے اٹھا کر سٹریچر کے ذریعے نرسز کی موجودگی میں گائنی ایمرجنسی لیبر روم منتقل کر دیا تاہم واقعہ کی میڈیا پر خبر نشر ہونے پر ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ ساتھ محکمہ صحت کی بھی دوڑیں لگ گئیں اور وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ہسپتال پہنچ گئے۔ مذکورہ خاتون کے خاوند محمدریاض اور دیگر لواحقین کے مطابق بشریٰ ریاض گزشتہ رات سے سرگنگارام ہسپتال میں ڈلیوری کیلئے گائنی ایمرجنسی میں داخل ہے جہاں اس کا ڈاکٹرز نے معائنہ کیا اور جمعہ کی صبح بھی اس کو ضروری ہدایات دیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابھی ڈلیوری کا وقت نہیں ہوا۔ اسی دوران بشریٰ ریاض اپنی ساس کے ہمراہ ہسپتال کی کینٹین پر جوس پینے کیلئے جا رہی تھی کہ انڈرپاس سے گزرتے ہوئے ڈلیوری ہو گئی۔ ڈاکٹرز کے مطابق غیرمتوقع ڈلیوری ہوئی ہے۔ اس موقع پر مذکورہ خاتون کے اہل خانہ نے کہا کہ ہسپتال میں ان کی مکمل دیکھ بھال کی گئی ہے اور اس حوالے سے انہیں ہسپتال عملہ سے کوئی شکایت نہیں۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ بشریٰ ریاض اوراس کے اہل خانہ ہسپتال عملہ سے پوری طرح مطمئن ہیں تاہم اس قسم کے واقعات کے تدارک اور اس واقعہ کی چھان بین کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی واقعہ کانوٹس لے کر انکوائری کا حکم دیا ہے اور تحقیقات کیلئے پروفیسر ڈاکٹر ایازمحمود کی سربراہی میں 4رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو آئندہ 48گھنٹوں میں واقعہ کی تحقیقات مکمل کرے گی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زچہ و بچہ کی صحت تسلی بخش ہے اور ہسپتال میں ہی زیرعلاج ہیں جنہیں آئندہ 24گھنٹے ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا جا سکتا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain