لاہور (خصوصی رپورٹ) تحفظ ختم نبوت کے حوالے سے دینی جماعتوں‘ تحریک تحفظ حرمین شریفین‘ جے یو آئی‘ جے یو پی‘ عالمی تحریک تحفظ ختم نبوت‘ جماعت اسلامی‘ جمعیت اہلحدیث‘ جمعیت اہلسنت‘ تحریک ملت جعفریہ اور تنظیم علماءو مشائخ اہلسنت نے ملک بھر میں یوم تحفظ ختم نبوت منایا جبکہ جماعت اسلامی کی اپیل پر لاہور سمیت پنجاب بھر کے ڈویژنل مقامات پر احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی قادیانیوں کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ سنی علماءکونسل کے زیراہتمام گزشتہ روز جمعہ کے بعد پھول نگر میں ختم نبوت ریلی نکالی گئی جس میں سنی علماءکونسل کے زیراہتمام ریلی میں جمعیت علماءپاکستان‘ مرکزی جماعت اہلسنت‘ مکی مدنی فاﺅنڈیشن‘ انجمن تاجران‘ صحافتی تنظیموں و دیگر نے شرکت کی۔ ریلی کا آغاز جامع احیاءالعلوم سے ہوا اور بیرون اڈا جا کر اختتام پذیر ہوا۔ ریلی کے اختتام پر خطابات کرتے ہوئے علماءکرام نے کہا عقیدہ ختم نبوت اسلام کا بنیادی عقیدہ ہے۔ انہوں نے کہا حکومت یہودونصاریٰ کے ایجنڈا کو بندکرے۔ لاہور میں تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ ادریس نے جامع منہاج ماڈل ٹاﺅن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدت ختم نبوت ایمان کی بنیاد اور اسلام کی روح ہے۔ اس حوالے سے کسی کو شرانگیزی نہیں کرنے دیں گے جبکہ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سنیٹر سراج الحق نے کہا ہے جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے۔ ملک کے 21کروڑ عوام چاہتے ہیں کہ انہیں قرآن و سنت کے نظام میں زندگی گزارنے کا موقع ملے۔ ملک میں غربت‘ مہنگائی اور کرپشن (ن) لیگی حکومت کا تحفہ ہے۔
ریلیاں‘ مظاہرے




































