اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان 2013ءسے ایک ہی تقریر کر رہے ہیں، وہ جو کہتے رہتے ہیں انہیں اس کا اندازہ بھی ہے؟، وہ ایک ہی جھوٹی تقریر سے قوم کو اور بےوقوف نہیں بنا سکتے، وہ خود سب سے بڑے چور، ڈاکو اور لٹیرے ہیں اس لئے وہ پورے پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آپ کیا کہتے رہتے ہیں آپ کو اندازہ بھی ہے؟، عمران صاحب 2013ءسے ایک ہی تقریر، اپنی تقریر تو بدلیں، ایک ہی جھوٹی تقریر سے اب آپ قوم کو اور بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب خود سب سے بڑے چور، ڈاکو اور لٹیرے ہیں اس لئے آپ پورے پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب اپنی منی لانڈرنگ کا جواب تو دیں، عمران صاحب خیبرپختونخوا میں اپنی حکومت کی چوری کا حساب تو دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب جوئے میں جیتی ہوئی دولت کا جواب تو دیں، عمران صاحب منی لانڈرنگ سے بنائی ہوئی نیازی سروسز کا حساب تو دیں، عمران صاحب بنی گالہ کا محل کیسے بنایا کا حساب تو دیں۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے نہتے کشمیری شہریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے آزادی کے حق کے حصول تک ان کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا‘ یوم سیاہ پر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر مملکت نے کہا کہ آج کا دن اقوام متحدہ سے سوال کرتا ہے کہ مظلوم، نہتے اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار کشمیریوں سے اس کے وعدے کب پورے ہوں گے؟ کشمیر یوں کو ان کا حق دلائے بغیر عالمی ادارے اور دنیا خود کو مہذب اورانصاف پسند کہلوانے کا حق نہیں رکھتے‘بھارتی افواج کی جنت ارضی میں موجودگی عالمی اداروں اور مہذب دنیا کے لئے چیلنج ہے۔