لاہور(ویب ڈسک)پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کا میلہ سجنے کیلیے تیار ہے، سری لنکن ٹیم 8 سال بعد ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کیلیے پاکستان پہنچ گئی ہے، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں دبئی اور ابو ظہبی سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچی تو پنجاب حکومت اور کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور قومی کرکٹرز کو ون ڈے سیریز جیتنے پر پھولوں کے ہار بھی پہنائے۔پاکستان کرکٹ ٹیم 1 بج کر 52 منٹ پر غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے دبئی سے لاہور جب کہ سری لنکن ٹیم 2 بج کر 15 منٹ پر ابو ظہبی سے لاہور پہنچی تاہم ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے جہاں سے کھلاڑیوں کو سیکیورٹی حصار کے ساتھ بلٹ پروف گاڑیوں میں ہوٹل پہنچایا گیا۔علاوہ ازیں سری لنکا کے وزیر کھیل بھی اپنے 24 رکنی وفد کے ساتھ لاہور پہنچے ہیں جب کہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بھی اپنے شوہر شعیب ملک کے ہمراہ لاہور پہنچ گئی ہیں۔حکومت پاکستان کی جانب سے مہمان کھلاڑیوں کو صدر مملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے جب کہ ہوٹل سے ملحقہ علاقوں میں گھڑ سوار اہلکاروں کا گشت بھی جاری ہے۔ اس سے قبل لاہور ائیر پورٹ آنیوالے تمام راستوں کو سیل کردیا گیا تھا جب کہ تمام ٹریفک کو بھی روک دیا گیا تھا۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری میچ آج شام 6 بجے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد سری لنکن ٹیم واپس دبئی کے راستے سری لنکا کے لیے روانہ ہو جائے گی۔دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم کا پاکستان آمد پر شکرگزار ہوں، شائقین دونوں ٹیموں کو سپورٹ کریں گے، انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی بہت پرجوش ہیں تاہم آج پاکستان میں بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی جب کہ سری لنکن ٹیم کے کپتان تھیسارا پریرا نے اپنے پیغام میں کہا کہ امید ہے شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی تاہم آج بہترین کھیل پیش کرنے کوشش کریں گے۔3