وہاڑی (بیورو رپورٹ) خبریں گروپ آف نیوز پیپرز کے چیف ایگزیکٹو، تجزیہ نگار اور صحافی ضیا شاہد نے کہا ہے کہ پاکستان کی 70 فیصدآبادی کا دارومدار زراعت سے وابستہ ہے۔ زرعی شعبہ میں انقلاب برپا کرنے کیلئے پانی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ دریائے ستلج میں پانی کی کمی کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے پاکستان کے قیام کے بعد کسی حکومت نے کوشش نہیں کی۔ یہی وجہ ہے کہ اس وقت دریائے ستلج پانی کی شدید کمی کا شکار ہونے کی وجہ سے بہاولپور اور وہاڑی کے اضلاع کی سونا اگلتی زمینیں بنجر ہو رہی ہیں۔ یہاں تک کہ اس خطہ میں آبی حیات کا بھی خاتمہ ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روزنامہ خبریں کے تعاون سے ستلج میں پانی چھوڑنے کے سلسلہ میں قائم ہوا ہے۔ ہیڈ اسلام تک نکالی جانے والی ریلی کے اختتام پر ویڈیو لنک کے ذریعے ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضیا شاہد نے اعلان کیا کہ ستلج میں پانی نہ چھوڑنے کے خلاف روزنامہ خبریں اس مسئلہ کو اقوام متحدہ تک پہنچائے گا اور بھارت کو پانی چھوڑنے پر مجبور کر دے گا۔ قبل ازیں قائم سے شروع ہونے والی ریلی کی قیادت خدایار چنڑ، خبریں ملتان کے جنرل منیجر اسلم اکرم زئی، انچارج نمائندگان محمد اشرف سعیدی، بیورو چیف وہاڑی شیخ خالد مسعود ساجدنے کی۔ ریلی ایک بجے دن شروع ہو گی اور براستہ حاصل پور ہیڈ اسلام پر پہنچی۔ ریلی کے شرکاءنے بڑے بڑے بینرز، جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ 7 میل لمبی ریلی میں ہزاروں شہریوں کاشتکاروں جن میں بہاولپور، قائم پور، حاصل پور، ہاڑی، میلسی، بورے والا کے خبریں کے نمائندگان اور سول سوسائٹی کے ارکان میں شامل تھے۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور سندھ طاس معاہدہ کے مطابق پانی کا حصہ پورا لے کر رہیں گے۔