اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کے حالیہ بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اعتزاز احسن کو جارحانہ اندازِ سیاست پسند ہے تو انہیں ایسا مشورہ اپنی پارٹی قیادت کو دینا چاہیے کیونکہ انکی پارٹی کو ایسے مشوروں کی اشد ضرورت ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور اسکی لیڈرشپ کے حوالے سے اعتزاز احسن کے انتہائی ذاتی بیانات ریکارڈ پر ہیں۔ ایسے بیانات کی موجودگی میں انکے منہ سے مسلم لیگ ن کے حوالے سے کوئی بھی تجویز یا تعریف عجیب سی لگتی ہے۔ میرا خیال ہے کہ اس وقت اعتزاز احسن کی پارٹی کو انکے دانشمندانہ بلکہ جارحانہ مشوروں کی سخت ضرورت ہے۔ مسلم لیگ ن اور اسکی قیادت کے حوالے سے اعتزاز احسن کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ تبصرے پر بات کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ اس حوالے سے تو میں بس اتنا ہی کہوں گا کہ ہمیں ایسے دوستوں کی موجودگی میں دشمنوں کی ضرورت نہیں۔