تازہ تر ین

کیرئیر بنانے میں پی ایس ایل کا کردار اہم، رومان

کراچی(نیوزایجنسیاں )پاکستان کے قومی فاسٹ بولر رومان رئیس نے کہا کہ سپر لیگ نے مجھے نیا اعتماد دیا ۔ پاکستان سپر لیگ نے کریئر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔پی ایس ایل میں غیر ملکی کرکٹروں اور غیر ملکی کوچز کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔انٹرنیشنل کرکٹ میں خود کو کنڈیشن سے ہم آہنگ کرنا انتہائی ضروری ہے ۔انٹرنیشنل کرکٹ میں کنڈیشنز کو سمجھنا، بیٹسمین کے مضبوط اور کمزورپہلوﺅں پر نظر رکھتا ہوں ۔ پی ایس ایل کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں شائقین اور بڑے میچ کا پریشر محسوس نہیں ہوتا ۔ان خیالات کا اظہار رومان رئیس نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں تو یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ جو بھی کنڈیشن ہو اس سے خود کو جلد سے جلد ہم آہنگ کرنے کی کوشش کریں۔رومان رئیس انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کرتے وقت چند بنیادی باتوں پر عمل کرنا بہت ضروری سمجھتے ہیں۔کنڈیشنز کو سمجھنا، بیٹسمین کے مضبوط اور کمزورپہلوﺅں پر نظر رکھتے ہوئے اسے بولنگ کرنا اور ہدف کا خیال رکھتے ہوئے بولنگ کرنا کیونکہ جب آپ وکٹ ٹو وکٹ بولنگ کریں گے آپ کو کامیابی ملنے کے امکانات زیادہ رہتے ہیں۔رومان رئیس ان کرکٹروں میں سے ایک ہیں جن کے کریئر میں پاکستان سپر لیگ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ نے مجھے نیا اعتماد دیا ہے۔ اگرچہ میں پہلے بھی فرسٹ کلاس کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ کے ون ڈے ٹورنامنٹس کھیلتا رہا ہوں لیکن پی ایس ایل میں غیر ملکی کرکٹروں اور غیر ملکی کوچز کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور یہ بھی معلوم ہوا کہ بڑی کرکٹ کا جو دباﺅ ہوتا ہے اس کا مقابلہ کس طرح کیا جائے اور اب جب میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہا ہوں مجھے شائقین اور بڑے میچ کا پریشر محسوس نہیں ہوتا کیونکہ پی ایس ایل کا معیار انٹرنیشنل کرکٹ جیسا ہی ہے۔یاد رہے کہ رومان رئیس گذشتہ سال پہلی بار قومی ٹیم میں منتخب ہوئے تھے لیکن ان فٹ ہونے کے سبب پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکے تھے لیکن وہ اس صورت حال سے مایوس نہیں ہوئے اور کچھ عرصے بعد ہی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر افسوس کرتا تو آج دوبارہ یہاں نہ ہوتا۔ میری کوشش ہے کہ اپنی فٹنس کا خیال رکھوں کیونکہ فٹنس کی وجہ سے ہی مجھے تکلیف دہ صورت حال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔واضح رہے کہ آج کل کی کرکٹ میں حسن علی کا وکٹ لے کر جشن منانے کا انداز دنیا بھر میں مشہور ہو چکا ہے لیکن رومان رئیس نے بھی اس معاملے میں انفرادیت قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔ وہ وکٹ لینے کے بعد ہاتھ بلند کرتے ہوئے بالکل خاموش کھڑے ہو جاتے ہیں جیسے کہیں کھو گئے ہوں اور پھر مسکرا دیتے ہیں۔ اس حوالے سے رومان کا کہنا تھا کہ میں نے یہ انداز پاکستان سپر لیگ میں شروع کیا تھا جسے سب نے پسند کیا تو میں نے اسے مستقل اپنا لیا۔ میں بولنگ کرتے ہوئے جارحانہ انداز دکھاتا ہوں لیکن میں چاہتا ہوں کہ جب وکٹ ملے تو پرسکون رہوں۔ خیال رہے کہ رومان رئیس نے گذشتہ دنوں قائد اعظم ٹرافی میں یو بی ایل کی جانب سے لاہور وائٹس کے خلاف میچ کی ایک اننگز میں 9وکٹیں حاصل کر ڈالیں۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain